گجرات: پی ایم مودی نے ملک کی پہلی ’وندے میٹرو‘ کو کیا روانہ، 8000 کروڑ روپے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا

پی ایم مودی نے آج نہ صرف ملک کی پہلی وندے میٹرو کو بھج سے احمد آباد کے لیے روانہ کیا، بلکہ انھوں نے کئی وندے بھارت ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔

<div class="paragraphs"><p>وندے میٹرو، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/marinebharat">@marinebharat</a></p></div>

وندے میٹرو، تصویر@marinebharat

user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج (16 ستمبر) ملک کی پہلی ’وندے میٹرو‘ کو ہری جھنڈی دکھا دی۔ گجرات میں آج پی ایم مودی نے کئی اہم منصوبوں کا افتتاح بھی کیا، لیکن سب سے اہم ’وندے میٹرو‘ (نمو بھارت ریپڈ ریل) کی شروعات رہی۔ وزیر اعظم نے بھج سے احمد کے لیے اس ’وندے میٹرو‘ کو روانہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے کئی وندے بھارت ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی، جن میں ناگپور سے سکندر آباد، کولہاپور سے پونے، آگرہ کینٹ سے بنارس، دُرگ سے وشاکھاپٹنم، پونے سے ہبلی اور پہلی 20 کوچ والی ٹرینیں شامل ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے گجرات کے احمد آباد میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا اور ساتھ ہی کچھ منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 8000 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔ پی ایم مودی نے وزیر اعظم رہائش منصوبہ (پی ایم اے وائی) کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں ان گھروں کو مستفیدین کے حوالے کیا جن کی تعمیر کا عمل انجام پا چکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے وزیر اعظم رہائش منصوبہ دیہی (پی ایم وائی-جی) کے تحت 30 ہزار سے زیادہ نئے گھروں کی تعمیر کو منظوری دی اور اس کے لیے پہلی قسط جاری کی۔


اس موقع پر پی ایم مودی نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ 100 دن کے ان فیصلوں میں ملک کے ہر شہری، ہر کنبہ، ہر طبقہ کے فلاح کی گارنٹی پکی ہو گئی ہے۔ ان 100 دنوں میں 15 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے منصوبوں پر کام شروع ہوا ہے۔ انتخاب کے دوران میں نے 3 کروڑ نئے گھر بنانے کی گارنٹی ملک کو دی تھی، اس گارنٹی پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ گاؤں ہو یا شہر، ہم سبھی کے لیے بہتر زندگی جینے کا انتظام کرنے میں مصروف ہیں۔

پی ایم مودی نے عوام سے اپنے خطاب کے دوران عید میلاد النبی کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہر کوئی آج گنیش اُتسو منا رہا ہے۔ آج عید میلاد النبی بھی منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں کئی تہوار منائے جا رہے ہیں۔ ان تہواروں کے وقت میں ترقی کا جشن بھی جاری ہے۔ آج یہاں 8000 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔