پی ایم مودی کے ’گجرات‘ میں ہی نہیں ہو رہا نئے موٹر وہیکل ایکٹ پر عمل

گجرات حکومت نے پہلے ہی نئے موٹر وہیکل ایکٹ کے ضابطوں میں 50 فیصدی بدلاؤ کیا تھا اور اب وہاں کی حکومت نے ہیلمٹ نہ پہننے اور اسکوٹر پر تین لوگوں کو بٹھانے کی چھوٹ دے دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا 
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ملک کی عوام نے نریندر مودی کا بطور وزیر اعظم اس لئے انتخاب کیا تھا کیونکہ بی جے پی نے ’گجرات ماڈل‘ کو انتخابی مہم میں زور دار انداز میں پیش کیا تھا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے جو کچھ گجرات میں وزیر اعلی کے طور پر لاگو کیا تھا وہی سب وہ ملک میں بھی لاگو کریں گے۔ اس لئے اب ان کی پارٹی کی گجرات حکومت کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ جو کچھ وزیر اعظم نریندر مودی مرکز میں لاگو کریں اس کو بغیر تبدیلی کے وہ ریاست میں بھی لاگو کریں۔ لیکن یہاں تو الٹا ہی ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم کی ریاست گجرات ہی ان کے نئے موٹر وہیکل ایکٹ کو لاگو نہیں کر رہی۔

ایک ویب سائٹ میں شائع خبر کے مطابق گجرات کے کئی شہروں میں اب ہیلمٹ نہیں لگانے پر جرمانہ نہیں لگے گا۔ اتنا ہی نہیں، گجرات حکومت نے موٹر سائیکل اور اسکوٹر پر تین لوگوں کے بیٹھنے پر بھی کوئی جرمانہ نہیں لگانے کے تعلق سے کہا ہے۔ یعنی گجرات کی ریاستی حکومت نے مرکز کےاس نئےموٹر وہیکل ایکٹ کو، جو اس نے ستمبر میں پارلیمنٹ سے منظو ر کرایاتھا، اسے سرے سے ہی مسترد کر دیا ہے۔


واضح رہے کہ اس سے پہلے گجرات حکومت نے نئے موٹر وہیکل ایکٹ میں بڑھائی گئی جرمانہ کی رقم کو کم کر دیا تھا اور حکومت نے یہ چھوٹ کھیتی میں کام کرنے والوں اور دو پہیہ گاڑیوں کو دی تھی۔ گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی نے کہا تھا کہ ’’ہم نے نئے ضابطوں کی شق 50 میں تبدیلی کی ہے اور اس میں جرمانہ کی رقم کو کم کیا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ ہیلمٹ اور تین سواریوں کی چھوٹ اس لئے دی گئی ہے کیونکہ کئی جگہ پر اس کو لے کر جھڑہیں ہوئی ہیں۔ یعنی اگر کوئی جھڑپ کرے گا تو وہاں مرکز کی مودی حکومت کا قانون لاگو نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ نئے قانون کے مطابق ہیلمٹ نہ پہننے پر ایک ہزار کا جرمانہ تھا جس کو کم کر کے ریاستی حکومت نے پانچ سو روپے کر دیا تھا۔ایسے ہی سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر لگنے والے جرمانہ کو آدھا کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔