بنگال میں نہ ہی ’گجرات ماڈل‘ چلے گا اور نہ ہی ’گولی مارو غداروں کو‘ نعرہ: ممتا بنرجی
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’گولی مارو غداروں کو‘ جیسی نعرے بازی سے میں فکر مند ہوں۔ حکومت قتل آمیز دھمکی پر مبنی نعرہ لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔
کولکاتا: دہلی میں فرقہ وارانہ فسادا ت کو ”قتل عام“ قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنگال سمیت پورے ملک میں ”گجرات ماڈل“ کو نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ بنگال میں ”گولی مارو۔۔۔کو“جیسے نعرے کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
نیتاجی انڈور اسٹڈیم میں ”بنگال کی فخر ممتا“ مہم کا آغاز کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی لیڈروں اور ورکروں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ بنگال دہلی نہیں ہے اور یہاں اس طرح کے متنازع نعرے لگانے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ہم کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کریں گے۔ خیال رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ریلی میں شرکت کے لئے بی جے پی ورکروں نے ”دیش کے غداروں کو، گولی مارو سالوں کو“ جیسے متنازع نعرے لگائے۔جس کا ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ اس طرح کے نعرے بازی سے میں فکر مند ہوں، حکومت قتل آمیز دھمکی پر مبنی نعرے لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ممتا بنرجی نے کہا کہ امتحانات ختم ہونے کے بعد بنگال کے ہر ایک بلاک میں دہلی فسا د مخالف جلوس اور ریلی نکالی جائے گی تاکہ فرقہ واریت کی تباہی سے متعلق آگا ہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ ریلی بی جے پی چھی چھی کے عنوان سے ہوگی۔
ممتا بنرجی نے کہاکہ دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات ”قتل عام تھا“ اور حکومت کے ذریعہ اسپانسر شدہ قتل عام ہے۔پولس کی موجود گی میں تباہی مچائی جارہی تھی اور پولس خاموش تماشائی تھی۔پولس کانسٹبل اورانٹلی جنس سے معافی مانگنے کے ساتھ میں کہتی ہوں کہ دہلی میں ”گجرات ماڈل“ کو دہرایا گیا ہے۔اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ماڈل کو روک دیا جائے ورنہ یہ پورے ملک میں پھیل جائے گا۔اس فساد میں مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ میری پوری ہمدردی ہے ہم ان کے ساتھ پوری طاقت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کو شرم آنی چاہیے کہ وہ اپنی ناکامی پر ملک کے عوام سے معافی نہیں مانگی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ترنمول کانگریس فسادات متاثرین کے لئے ہر ممکن مدد کرے گی اور اس کے لئے فنڈ جمع کرکے متاثرین کی مدد کی جائے گی۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ جولوگ بنگال میں امن و امان اور قانون کی بات کررہے ہیں انہیں پہلے دہلی کی فکر کرنی چاہیے وہاں کیا ہورہا ہے۔کس طریقے سے پولس کی موجودگی میں قتل عام اور تباہی مچائے گی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک میں غدار کون ہے اس کا فیصلہ ملک کے عوام کریں گے بی جے پی والے کون ہوتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ متنازع نعرے لگانے والے کچھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور پولس فوٹیج کی مدد سے مزید لوگوں کو گرفتارکرے گی۔گرفتار افراد کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی مختلف دفعات لگائی گئی ہیں۔ ترنمول کانگریس نے امت شاہ پر پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ کے بغیر بنگال بہت ہی بہتر ہے۔ خیال رہے کہ اپریل اور مئی میں بنگال میں میونسپل انتخابات ہونے والے ہیں۔اس کے بعد اسمبلی انتخابات ہیں۔اس لئے بنگال میں سیاسی فضائیں گرم ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔