گجرات: جوناگڑھ میں موسلادھار بارش سے تباہی والے حالات، کئی گاڑیاں بہہ گئیں، ماہی گیروں کے لیے الرٹ جاری

جوناگڑھ کے شکرباغ چڑیا خانہ میں پانی بھر گیا ہے، یہاں موجود مویشیوں کو بچانا انتظامیہ کے لیے بڑا چیلنج بن گیا ہے، اس درمیان جوناگڑھ ایس پی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ بلاوجہ گھروں سے نہ نکلیں۔

<div class="paragraphs"><p>سیلاب / آئی اے این ایس</p></div>

سیلاب / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

گجرات کے جوناگڑھ ضلع میں زوردار بارش سے شہر میں سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں سیلاب آ گیا، جس سے کہیں انسان بہنے لگے تو کہیں بھینس پانی میں بہہ گئیں اور کہیں گاڑیاں کھلونوں کی طرح بہتی ہوئی نظر آئیں۔ حالات اتنے بگڑ گئے ہیں کہ این ڈی آر ایف کی ٹیم کو اتارنا پڑا ہے۔

جوناگڑھ شہر میں لگاتار زوردار بارش کے سبب حالات بگڑتے جا رہے ہیں۔ زبردست بارش سے شہر کی سڑکوں پر سیلاب آ گیا ہے۔ پانی کا بہاؤ اتنا تیز ہے کہ اس میں کئی گاڑیاں بہہ گئیں۔ یہی نہیں، بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں اپارٹمنٹ میں پانی بھر گیا۔ علاوہ ازیں پانی لفٹ اور سیڑھیوں سے بھی اوپر کی طرف جانے لگا ہے۔ سیلاب کے پانی میں کئی جگہ لوگ بہتے بہتے بچے، جبکہ کئی بھیسنیں تو پانی بہتی چلی گئیں۔


موسلادھار بارش سے جوناگڑھ کے شکرباغ چڑیا خانہ میں بھی پانی بھر گیا ہے۔ یہاں موجود مویشیوں کو بچانا انتظامیہ کے لیے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ اس درمیان جوناگڑھ ایس پی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ایس پی نے کہا کہ ہفتہ کے روز بھاری بارش ہوئی، جس سے سنگین آبی جماؤ ہوا ہے اور لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس درمیان ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے گجرات کے ساحل پر ماہی گیروں کو 22 جولائی سے 26 جولائی تک سمندر میں نہیں جانے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ یہ الرٹ خاص طور سے کَچھ کے جکھاؤ سے سوراشٹر علاقہ کے دیو تک پھیلے گجرات ساحل تک کے لیے ہے۔ اس کے علاوہ گجرات کے 206 تالابوں میں سے 43 زبردست طغیانی کے سبب ہائی الرٹ پر ہیں۔ 18 دیگر الرٹ موڈ پر ہیں او راس کے علاوہ 19 تالابوں کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔


راجکوٹ اور جوناگڑھ انتظامیہ نے این ڈی آر ایف اور ریاستی ڈیزاسٹر رد عمل فورس کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے۔ ریاست میں موسلادھار بارش نے پہلے ہی ہفتہ میں تین لوگوں کی جان لے لی ہے۔ ان میں سے دو لوگوں کی موت سریندر نگر ضلع اور ایک شخص کی جان راجکوٹ ضلع میں گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں سے اب تک تقریباً 300 لوگوں کو بچایا جا چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔