گجرات: وڈودرا میں سیلاب سے ہزاروں لوگ بے گھر، مزدوروں کا معاوضے کا مطالبہ

حالیہ سیلاب اور اس سے ہونے والی تباہی سے ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس کو لے کر وڈودرا کی مزدور یونینوں نے مشترکہ طور پر گجرات حکومت سے معاوضے کی اپیل کی ہے

<div class="paragraphs"><p>گجرات میں&nbsp;سیلاب کا منظر / آئی اے این ایس</p></div>

گجرات میںسیلاب کا منظر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

وڈودرا: حالیہ سیلاب اور اس سے ہونے والی تباہی سے ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس کو لے کر وڈودرا کی مزدور یونینوں نے مشترکہ طور پر گجرات حکومت سے معاوضے کی اپیل کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ سیلاب زبردست بارش اور اجوا آبی ذخائر سے دریائے وشوامتری میں پانی چھوڑنے کی وجہ سے آیا ہے۔ گجرات کے وزیر اعلیٰ اور وزیر محنت کو مخاطب کی گئی درخواست میں پانی بھر جانے کی وجہ سے مزدوروں کے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان کو اجاگر کیا گیا ہے اور فوری مالی امداد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس (انٹک) کے وڈودرا کے صدر نریندر راوت کے مطابق، سیلاب کی وجہ سے شہر میں کئی مکانات زیر آب آ گئے ہیں اور مزدور خاص طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ گھریلو سامان کے نقصان کے علاوہ سیلاب کی وجہ سے کئی مزدور چار پانچ دن تک کام پر نہ جا سکے اور انہیں مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔


ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین تنظیموں میں سے ایک انٹک 1947 میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے اور ملک بھر میں مختلف شعبوں میں ان کے مفادات کی نمائندگی کرنے کے لیے قائم کی گئی تھی۔ یہ انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی) سے وابستہ ہے۔

جن مزدوروں کے گھر سیلاب میں ڈوب گئے، یونین ان کے لیے ضروری اشیاء کے نقصان کی تلافی کے لیے فی گھر 10000 روپے کا کم از کم معاوضہ دینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

ٹریڈ یونین نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس طرح کے سیلاب کو روکنے کے لیے طویل مدتی حل وضع کرے تاکہ وڈودرا کے رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

سیلاب کی وجوہات کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے، بنیادی طور پر دریائے وشوامتری اور مقامی آبی ذخائر کے کنارے پشتوں کی تعمیر سے متعلق کسی تجاوز یا بدعنوانی پر توجہ مرکوز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یونینوں نے تباہی میں کردار ادا کرنے والے مجرموں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزدور یونینوں نے ’صورتحال کی سنگینی‘ پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’نقصان برداشت کرنے والے بہت سے غریب مزدور مشکل حالات میں وقت گزار رہے ہیں اور انہیں معاوضہ کی سخت ضرورت ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔