ناراض احمد پٹیل نے راج ناتھ کو خط لکھا
گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی کے ذریعہ بے بنیاد الزام عائد کیے جانے کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو خط لکھ کر اس سلسلے میں ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے اس خط میں مطالبہ کیا ہے کہ گجرات میں اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس آئی ایس) کے دو مشتبہ افراد کی گرفتاری کی غیر جانبدارانہ جانچ کی جائے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا کہ بی جے پی بے وجہ ان کا نام اس معاملے میں گھسیٹ رہی ہے جو مناسب نہیں ہے۔
واضح رہے کہ وجے روپانی نے آئی ایس آئی ایس کے دو مشتبہ افراد کی گرفتاری کے بعد ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان میں سے ایک دہشت گرد کا احمد پٹیل سے تعلق ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ محمد قاسم اسٹنگر والا اسی اسپتال میں کام کرتا تھا جہاں کے ٹرسٹی احمد پٹیل ہیں۔ پریس کانفرنس کے بعد کانگریس کے ترجمان رندیپ سُرجے والا اور خود احمد پٹیل نے بھی روپانی کے الزام کو سرے سے خارج کر دیا اور سردار پٹیل اسپتال سے کوئی تعلق نہ ہونے کی تصدیق کی۔ ساتھ ہی کانگریس نے اس پورے معاملے کی جانچ شفافیت کے ساتھ کرائے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری طرف سردار پٹیل اسپتال کا ایک حلف نامہ بھی منظر عام پر آیا ہے جووجےروپانی کے بیان کو جھوٹا ثابت کر رہا ہے۔ یہ حلف نامہ اسپتال سے احمد پٹیل کے استعفیٰ کے بعد جاری کیا گیا تھا۔ اس میں استعفیٰ کے بعد بطور ٹرسٹی احمد پٹیل کا نام ہٹایا گیا ہے۔ دراصل احمد پٹیل نے 2014 میں ہی اس اسپتال سے خود کو پوری طرح الگ کر لیا تھا اور اس وقت ان کی فیملی کا کوئی بھی رکن اس اسپتال میں نہ تو کسی عہدہ پر فائز ہے اور نہ ہی یہاں سے کسی طرح کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سُرجے والا نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کہا بھی تھا کہ بی جے پی گجرات میں شکست سے خوفزدہ ہے اور اسی گھبراہٹ میں وہ دوسروں پر بیجا الزامات عائد کر رہی ہے۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔