گجرات میں بی جے پی کی حالت خراب: وجے روپانی

ایک آڈیو میں روپانی نے پارٹی کی حالت خراب ہونے کا اقرار کیا ہے۔ یہ آڈیو کتنا درست ہے؟اس میں سنائی دے رہی آوازیں وزیر اعلیٰ وجے روپانی اور کسی نریش سنگیتم کی ہیں یا نہیں؟ اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے.

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آواز بیورو

گجرات میں بی جے پی کی حالت خراب ہے اور وزیر اعلیٰ وجے روپانی اس سے بے حد پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’حالت بے حدخراب ہے اور اگر جین طبقہ نے ووٹ نہیں دیا تو حالت اور خراب ہو جائے گی۔‘‘

دراصل سوشل میڈیا پر ایک آڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ وجے روپانی کسی نریش نام کے شخص سے بات کر رہے ہیں۔ نریش سنگیتم نام کا یہ شخص سریندر نگر کا ہے۔ اس بات چیت میں گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی کہتے سنے جا سکتے ہیں کہ ’’میں ابھی ملک میں واحد جین وزیر اعلیٰ ہوں۔ مجھے نریندر بھائی کا فون آیا تھا، انھوں نےکہا کہ 5 فیصد جین ہونے کے بعد بھی ہم نے جین وزیر اعلیٰ بنایا۔‘‘ وجے روپانی اسی دوران نریش سنگیتم سے پوچھتے ہیں کہ کیا سریندر نگر میں جین مانے یا نہیں مانے؟

یہ آڈیو کتنا درست ہے؟ اس میں سنائی دے رہی آوازیں وزیر اعلیٰ وجے روپانی اور کسی نریش سنگیتم کی ہیں یا نہیں؟ اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے اس لیے ’قومی آواز‘ اس آڈیو کی صداقت سے متعلق حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ہمیں یہ آڈیو کسی قاری نےبھیجا ہے۔ ویسے سوشل میڈیا (ٹوئٹر اور فیس بک وغیرہ) پر یہ آڈیو خوب مقبول ہو رہا ہے۔ تمام نیوز ویب سائٹ نے اسے خبر کی شکل میں شائع بھی کیا ہے۔

آڈیو کلپ میں بات چیت گجراتی زبان میں ہو رہی ہے۔ اس کا اردو ترجمہ ہم آپ کے لیے یہاں پیش کر رہے ہیں۔

نریش: ہاں جی، ہاں جی...۔

وجے روپانی:ایک منٹ، ضروری فون آیا ہے۔

نریش: ہاں جی، صاحب! جے جنیندر۔

وجے روپانی: نمسکار جے جنیندر۔

وجے روپانی: نریش بھائی ہمیں لڑنا نہیں ہے فارم واپس ہی لینا ہے کیونکہ پورے ہندوستان میں ایک ہی جین وزیر اعلیٰ ہے۔

نریش: برابر۔

وجے روپانی: مجھے نریندر بھائی کا فون آیا تھا، مجھے کہا کہ پانچ فیصد جین نہیں ہیں پھر بھی ہم نے جین کو وزیر اعلیٰ بنایا۔ اور سریندر نگر میں جین مانے یا نہیں؟

نریش: مانے ،کیوں نہیں مانے...۔

وجے روپانی: ہماری سب کی حالت خراب ہے، میری حالت زیادہ خراب ہو رہی ہے۔

نریش: ہم آپ کی حالت خراب نہیں ہونے دیں گے، آپ کا ساتھ دیں گے۔

یہ آڈیو کلپ سامنے آنے کے بعد بی جے پی یا کسی اور فریق کی جانب سے کوئی وضاحت یا بیان نہیں آیا ہے۔

گجرات اسمبلی کی 182 سیٹوں کے لیے دو مراحل میں 9 اور 14 دسمبر کو ووٹنگ ہونی ہے۔ بی جے پی کی طرف سے وزیر اعظم نریندر مودی نے سوموار کو انتخابی تشہیر شروع کر دی ہے۔ وہ بدھ یعنی 29 نومبر کو بھی گجرات میں ریلیاں کریں گے۔ اُدھر کانگریس نے بھی پورے زور و شور سے میدان میں تشہیری عمل انجام دیا ہے۔ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی لگاتار گجرات کا دورہ کر رہے ہیں۔ راہل بھی بدھ کو ایک بار پھر گجرات جارہے ہیں۔ خبر ہے کہ وہ اپنی تشہیر کی شروعات سومناتھ سے کریں گے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیکمشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔