گجرات بی جے پی کو لگا زوردار جھٹکا، پردیپ سنگھ واگھیلا نے جنرل سکریٹری عہدہ سے دیا استعفیٰ
پردیپ سنگھ واگھیلا کو گجرات بی جے پی کا جنرل سکریٹری 10 اگست 2016 کو بنایا گیا تھا، اس کے بعد پارٹی میں ان کا قد دھیرے دھیرے بہت بڑھا، لیکن ان کے استعفیٰ کے فیصلے نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔
گجرات بی جے پی کے لیے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ پردیپ سنگھ واگھیلا نے گجرات بی جے پی کے جنرل سکریٹری عہدہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسے وقت میں جب کہ لوک سبھا انتخاب قریب ہے اور پارٹی اس کی تیاریوں میں زور و شور سے مصروف ہے، پردیپ سنگھ واگھیلا کا استعفیٰ بی جے پی کے لیے زوردار جھٹکا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پردیپ سنگھ واگھیلا گجرات بی جے پی میں ریاستی صدر سی آر پاٹل کے بعد دوسرے سب سے طاقتور لیڈر ہیں۔ گزشتہ دنوں ریاست میں ریاستی صدر کو بدلنے کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں۔ نئے ریاستی صدر کی ریس میں پردیپ سنگھ واگھیلا اہم امیدوار بن کر ابھرے تھے۔ حالانکہ اب ان کے استعفیٰ سے کئی سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ اپنے استعفیٰ پر پردیپ نے کہا ہے کہ کچھ ہی دنوں میں سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ لیکن ان کا فیصلہ بی جے پی کے لیے کچھ ٹھیک معلوم نہیں پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ پردیپ سنگھ واگھیلا کو گجرات بی جے پی کا جنرل سکریٹری 10 اگست 2016 کو بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد پارٹی میں ان کا قد دھیرے دھیرے بہت بڑھا، لیکن ان کے استعفیٰ کے فیصلے نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ پردیپ سنگھ واگھیلا کے استعفیٰ کے درمیان سورت پرچہ معاملہ بھی موضوعِ بحث ہے۔ دراصل گجرات کے سورت میں گزشتہ دنوں ریاستی صدر سی آر پاٹل، رکن پارلیمنٹ پربھو واسوا اور چورّاسی رکن اسمبلی سندیپ دیسائی کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ ان پرچوں میں فنڈ کو لے کر دھاندلی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ چورّاسی رکن اسمبلی سندیپ دیسائی نے اس معاملے میں کرائم برانچ میں شکایت کی تھی۔ اس پرچہ معاملہ کا شک پارٹی کے ہی لیڈروں پر ظاہر کیا جا رہا تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ اس معاملے کی جانچ میں کئی بڑے ناموں کا انکشاف ہو سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔