گجرات اسمبلی انتخاب: ’کسان پریشان، نوجوانوں کا خواب چکناچور‘، اپنی پہلی ریلی میں خوب برسے راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میری دادی (اندرا) نے مجھے سکھایا کہ ملک کے پہلے مالک قبائلی ہیں، بی جے پی نہیں چاہتی کہ قبائلیوں کی ترقی ہو، وہ آپ کو قبائلی نہیں ’وَن واسی‘ کہہ کر آپ کی شناخت مٹا رہی ہے۔

راہل گاندھی
راہل گاندھی
user

قومی آواز بیورو

گجرات اسمبلی انتخاب 2022 کے پیش نظر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج گجرات میں پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ بھارت جوڑو یاترا کو روک کر کانگریس امیدواروں کے لیے انتخابی تشہیر کرنے گجرات پہنچے راہل گاندھی نے پہلی ریلی سورت میں کی جہاں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے عوام مخالف پالیسیوں کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’70 دنوں سے ہم لوگ یاترا (بھارت جوڑو یاترا) کر رہے ہیں۔ لاکھوں لوگ ہمارے ساتھ یاترا پر چل رہے ہیں۔ سبھی ذات اور مذہب کے لوگ اس میں شامل ہیں۔ اس یاترا کے دوران دو لوگ شہید بھی ہوئے ہیں، لیکن یاترا نہیں رکی۔ یہ یاترا آپس میں بھائی چارہ بڑھانے، لوگوں کو جوڑنے اور لوگوں کے مسائل کو جاننے سمجھنے کے لیے شروع ہوئی ہے۔‘‘

اپنے خطاب میں گجراتی عوام اور مہاتما گاندھی کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی کہتے ہیں کہ ’’ہندوستان کو جوڑنے کا کام ایک گجراتی مہاتما گاندھی نے کیا تھا۔ ہم کسان سے بات کرتے ہیں تو افسوس ہوتا ہے کہ انھیں فصل کی صحیح قیمت نہیں ملتی، کسانوں کا قرض معاف نہیں ہوتا۔ نوجوانوں کا خواب چکنار ہو رہا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہندوستان کے پہلے اور اصلی مالک قبائلی ہیں۔ قبائلیوں کو ان کی زمین سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔‘‘


اپنے خطاب کو آگے بڑھاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میری دادی (اندرا گاندھی) نے مجھے سکھایا کہ ملک کے پہلے مالک قبائلی ہیں۔ بی جے پی نہیں چاہتی کہ قبائلیوں کی ترقی ہو۔ بی جے پی آپ کو قبائلی نہیں بلکہ ’وَن واسی‘ کہہ کر آپ کی شناخت مٹا رہی ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے دوران کسانوں، نوجوانوں اور قبائلیوں سے مل کر اور ان کے مسائل سن کر ان کے درد کو میں نے محسوس کیا۔ ہم چاہتے ہیں کہ قبائلیوں کی تاریخ اور جینے کا طریقہ محفوظ رہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’وہ (بی جے پی) آپ کو یہ نہیں کہتے کہ آپ ہندوستان کے پہلے مالک ہو، بلکہ وہ یہ کہتے ہیں کہ آپ جنگل میں رہتے ہو، مطلب وہ یہ نہیں چاہتے کہ آپ شہروں میں رہو اور آپ کے بچے انجینئر، ڈاکٹر وغیرہ بنیں۔‘‘

واضح رہے کہ گجرات کی 182 رکنی اسمبلی کے لیے دو مراحل میں انتخاب ہونے ہیں۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ یکم دسمبر اور دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 5 دسمبر کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو کی جائے گی۔ اس بار گجرات اسمبلی انتخاب میں کانگریس کے لیے ماحول کافی سازگار نظر آ رہا ہے، اور ایسے میں راہل گاندھی کانگریس امیدوار کے حق میں انتخابی تشہیر چلا کر پارٹی کو مزید مضبوطی دینے کے لیے گجرات پہنچے ہیں۔ سورت کے بعد آج ہی وہ راجکوٹ میں بھی ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔