گجرات اسمبلی انتخاب: دوسرے مرحلہ کے لیے انتخابی تشہیر ختم، پیر کے روز 93 سیٹوں کے لیے ڈالے جائیں گے ووٹ
دوسرے مرحلہ میں جن 93 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے، 2017 میں ان میں سے 51 سیٹوں پر بی جے پی اور 39 سیٹوں پر کانگریس امیدوار کو کامیابی ملی تھی۔
گجرات اسمبلی انتخاب کے لیے تشہیری عمل پر اب پوری طرح سے بریک لگ گیا ہے۔ اس بار دو مراحل میں اسمبلی انتخاب ہو رہے ہیں جن میں سے پہلے مرحلہ کے تحت یکم دسمبر کو 89 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی۔ اب دوسرے مرحلہ میں 93 سیٹوں کے لیے پیر کے روز یعنی 5 دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دوسرے مرحلہ کے لیے بھی آج انتخابی تشہیر کا اختتام ہو گیا اور آخری دن سبھی پارٹیوں اور امیدواروں نے ووٹرس کو اپنی طرف متوجہ کرانے کی بھرپور کوشش کی۔
قابل ذکر ہے کہ دوسرے مرحلہ میں جن 93 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے، ان میں سے بیشتر پر گزشتہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی نے قبضہ کیا تھا۔ 2017 میں ہوئے اسمبلی انتخاب میں ان 93 سیٹوں میں سے 51 سیٹوں پر بی جے پی اور 39 سیٹوں پر کانگریس امیدوار کو کامیابی ملی تھی۔ اس بار دوسرے مرحلہ میں مجموعی طور پر 833 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گجرات اسمبلی میں مجموعی طور پر 182 نشستیں ہیں۔ ان میں 13 نشستیں درج فہرست ذات اور 27 نشستیں درج فہرست قبائل کے لیے محفوظ ہیں۔ اس بار درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے لیے محفوظ سبھی 40 اسمبلی نشستوں پر لوگوں کی نظر مرکوز ہے۔ یہ نشستیں فیصلہ کر سکتی ہیں کہ بی جے پی کی اقتدار میں واپسی ہوگی یا پھر کانگریس عرصہ دراز کے بعد صوبہ میں حکومت تشکیل دے گی۔
بہرحال، دوسرے مرحلہ میں جن 93 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہونی ہے، ان میں شمالی گجرات اور وسطی گجرات کے 14 اضلاع شامل ہیں۔ ان میں احمد آباد، وڈودرا اور گاندھی نگر جیسے مشہور اضلاع بھی ہیں۔ اس کے علاوہ دوسرے مرحلہ میں جن مشہور چہروں پر سبھی کی نظریں ہیں ان میں وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور الپیش ٹھاکر شامل ہیں۔ یہ تینوں گھاٹلوڈیا، ویرمگام اور گاندھی نگر جنوب سیٹ سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ دوسرے مرحلہ کے لیے ووٹنگ کا عمل انجام پانے کے بعد سبھی کو انتظار 8 دسمبر کا رہے گا جس دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔