گجرات انتخابات کے نتیجے بی جے پی کو حیران کر دیں گے :راہل

گجرات میں بی جے پی کے پاس وژن نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم گجرات کی عوام کے سامنے کوئی وژن نہیں رکھ پائے۔

تصویر نوجیون
تصویر نوجیون
user

قومی آواز بیورو

راہل گاندھی کانگریس کا صدر منتخب ہونے کے بعداور گجرات کے دوسرے دور کے انتخابات سے ایک روز قبل ایک گجراتی چینل کو انٹرویو دیا ہے۔ انٹرویو میں راہل گاندھی نے بی جے پی کی طرف سے عائد کئے گئے کئی الزامات کا جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’گجرات چناؤ کے نتائج یکطرفہ رہنے والے ہیں اور کانگریس کی جیت یقینی ہے۔ جو نتیجے آئیں گےوہ بی جے پی کو حیران کر دیں گے ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس کے رہنماؤں نے مجھے گجرات میں مزید کیمپین کے لئے منع کیا تھا لیکن مجھے کام کرنے میں دلچسپی ہے نتائج میں نہیں۔ ‘‘ راہل نے کہا ’’ گیتا میں لکھا ہوا ہےکہ کام کرو پھل کی خواہش مت کرو۔ میں گیتا کی انہی لائنوں پر عمل کرتا ہوں۔ کانگریس ایک قدیمی روایات والی سیاسی جماعت ہےجو سب کو ساتھ لے کر چلنے میں یقین کرتی ہے۔‘‘

بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ سادھتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ گجرات میں بی جے پی کے پاس وژن نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم گجرات کی عوام کے سامنے کوئی وژن نہیں رکھ پائے۔ راہل نے کہا کہ انتخابی ریلیوں میں وزیر اعظم یا تو اپنی بات کرتے رہے یا پھر کانگریس کے بارے میں بولتے رہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ گجرات کے لئے انہوں نے کچھ نہیں کہا۔

راہل گاندھی نے ایک سوال کے جواب میں کہا ’’گجرات انتخابات کو راہل اور مودی کے بیچ مقابلے کی طرح نہیں دیکھنا چاہئے، یہ انتخابات گجرات کی عوام کے لئے ہیں اور ان کی ترقی کے لئے ہیں، یہ انتخابات گجرات کے کسان، نوجوان،خواتین اور عام گجراتیوں کے لئے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ چار ماہ سے گجرات کی عوام کے درمیان ہوں اور ان دنوں میں نےگجرات کے لئے دل سے کام کیا ہے۔ میں نے لوگوں سے بات کی ہے ۔ لوگوں سے صرف پیار سے گلے ملا اور جو انوں سے جو سنا وہی میں بولا۔ سورت کے تاجروں کی بات ہو یا آدیواسیوں کی جن سے بھی جو سنا وہی بولا اور اس کے بعد سے بی جے پی ڈر گئی ‘‘۔

بی جے پی کے مندر جانے کے الزام پر طنز یہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے مندر جانے پر کیا کوئی پابندی ہے؟ میرے مندرجانے پر بی جے پی کے لوگ سوال اٹھا رہے ہیں، دراصل وہ گھبرائے ہوئے ہیں ۔آپ اگر میری زندگی کو دیکھیں گے تو آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ میں مندر جاتا رہاہوں ، میں اترا کھنڈ کے کیدار ناتھ مندر گیا تھا۔

راہل گاندھی نے گجرات دورے کے دوران پیش آئے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک مندر گیا جہاں کے پجاری نے مجھے ایک شال دیتے ہوئے کہا کہ یہ میری بیٹی کو دے دینا ۔میں نے پوچھا کون سی بیٹی تو انہوں نے جواب دیا ،سونیا بیٹی کو ۔ میں نے فوراً ماں کو فون لگایا اور ان سے بات کرائی۔ ان لمحات کو دیکھ کر میں جذباتی ہو گیا اور میری آنکھوں میں آ نسو بھر آئے ۔ راہل گاندھی نے کہا میری جتنی تنقید ہوتی ہے میں اتنا ہی مضبوط ہوتا ہوں۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Dec 2017, 4:08 PM