گجرات انتخابی نتائج: بی جے پی نے رقم کی تاریخ، پہلی بار کسی پارٹی نے حاصل کی 156 سیٹیں

گرافکس قومی آواز
گرافکس قومی آواز
user

قومی آواز بیورو

08 Dec 2022, 6:53 PM

بی جے پی نے تاریخ رقم کی، 156 سیٹ حاصل کرنے والی پہلی پارٹی بنی

گجرات میں بی جے پی نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اس نے 156 سیٹوں پر جیت حاصل کر لی ہے۔ 182 اسمبلی سیٹوں والی اس ریاست میں ایسا پہلی بار ہوا ہے جب کسی پارٹی نے تن تنہا 150 سیٹوں سے زیادہ حاصل کی ہے۔ کانگریس کی حالت ریاست میں انتہائی خستہ رہی کیونکہ اس نے محض 17 سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے۔ جہاں تک عآپ کا سوال ہے، اس کے 5 امیدوار کامیاب ہو چکے ہیں اور دیگر کے حصے میں 4 سیٹیں آئی ہیں۔

08 Dec 2022, 2:52 PM

بی جے پی کی سیٹیں 155 سے تجاوز، کانگریس 16، عآپ 5 سیٹوں پر آگے

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق گجرات میں بی جے پی 42 سیٹوں پر جیت درج کر چکی ہے، جبکہ 115 پر آگے چل رہی ہے۔ اس طرح سے اسے 157 سیٹیں حاصل ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ کانگریس پارٹی تین سیٹوں پر جیت درج کر چکی ہے جبکہ اسے 13 سیٹوں پر برتری حاصل ہے۔ عام آدمی پارٹی 5 سیٹوں پر آگے ہے۔ اس کے علاوہ آزاد امیدواروں کے کھاتے میں تین سیٹیں جا رہی ہیں۔

08 Dec 2022, 12:29 PM

بی جے پی دو سیٹوں پر فتح یاب، 150 پر آگے، کانگریس 21 اور عآپ 6 سیٹوں پر آگے


08 Dec 2022, 11:50 AM

ای وی ایم میں گڑبڑی کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس امیدوار نے کی خودکشی کی کوشش!

گجرات میں بی جے پی کی کارکردگی سے سبھی حیران ہیں۔ کانگریس لیڈروں نے بھی گجرات میں شکست کا اعتراف کر لیا ہے۔ حالانکہ کانگریس کے گاندھی دھام سے امیدوار بھرت سولنکی نے ای وی ایم میں گڑبڑی کا الزام عائد کرتے ہوئے ووٹ شماری مرکز پر ہی خودکشی کی کوشش کر ڈالی۔ ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھرت سولنکی نے اپنے گلے میں پھندا باندھتے ہوئے خودکشی کی کوشش کی۔ حالانکہ وہاں موجود لوگوں نے انھیں ایسا کرنے سے روک دیا۔

اس درمیان بی جے پی رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے بی جے پی کی کارکردگی کو حیرت انگیز بتایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ رجحانات میں بی جے پی کو جتنی سیٹیں ملتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں اس پر آنکھوں کو یقین نہیں ہو رہا۔

08 Dec 2022, 11:42 AM

عآپ کے وزیر اعلیٰ چہرہ ایسودان گڑھوی کو بی جے پی امیدوار سے مل رہا سخت مقابلہ

ووٹوں کی گنتی جیسے جیسے آگے بڑھ رہی ہے، بی جے پی مزید مضبوط ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ رجحانات میں بی جے پی اس وقت 156 اسمبلی سیٹوں پر آگے چل رہی ہے اور کچھ نشستوں پر وہ اپنے حریف کو سخت مقابلہ بھی دے رہی ہے۔ مثلاً الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق عآپ کے وزیر اعلیٰ چہرہ ایسودان گڑھوی کھمبالیا اسمبلی سیٹ پر بی جے پی امیدوار ایار ملوبھائی بیرا سے 200 سے بھی کم ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں۔ یعنی اس سیٹ پر بھی بی جے پی آنے والے راؤنڈس میں سبقت حاصل کر سکتی ہے۔


08 Dec 2022, 11:01 AM

موربی سے بی جے پی امیدوار کانتی لال 10156 ووٹوں سے آگے

موربی سے بی جے پی امیدوار کانتی لال امرتیا مجموعی طور پر 10 ہزار 156 ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں۔ انھوں نے اکتوبر میں موربی پل ٹوٹنے کے دوران کئی لوگوں کی جان بچائی تھی۔ اس کا فائدہ انھیں ملتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

08 Dec 2022, 10:25 AM

بی جے پی رجحانات میں تاریخی کامیابی کی طرف گامزن، 158 سیٹوں پر چل رہی آگے

ووٹوں کی گنتی شروع ہوئے تقریباً ڈھائی گھنٹے ہو چکے ہیں۔ اب تک حاصل رجحانات میں بی جے پی بہت مضبوطی کے ساتھ حکومت بناتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ بی جے پی کی آندھی میں عآپ کے ساتھ ساتھ کانگریس بھی اڑ گئی ہے۔ 182 اسمبلی سیٹوں میں سے 158 اسمبلی سیٹوں پر بی جے پی کے امیدوار آگے چل رہے ہیں، جو بی جے پی کی آندھی کی طرف صاف اشارہ کر رہے ہیں۔ حالانکہ بی جے پی کو عآپ اور کانگریس کی لڑائی کا بہت فائدہ ملا ہے۔ اس وقت رجحانات میں کانگریس 15 اسمبلی سیٹوں پر اور عآپ 9 اسمبلی سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔


08 Dec 2022, 9:47 AM

رجحانات میں بی جے پی 150 سیٹوں کے قریب، عآپ اور کانگریس میں سخت مقابلہ

شروعاتی رجحانات میں ایک طرف جہاں بی جے پی 150 نشستوں کے قریب پہنچتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے، وہیں دوسری طرف عآپ امیدوار کانگریس امیدوار کو سخت ٹکر دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ووٹوں کی جاری گنتی کے درمیان عآپ امیدوارو کچھ ایسی سیٹوں پر آگے نکل گئے ہیں جہاں سے کانگریس امیدوار آگے چل رہے تھے۔ تازہ ترین رجحانات کے مطابق بی جے پی امیدوار 149، کانگریس امیدوار 23 اور عآپ امیدوار 10 سیٹوں پر آگے چل رہے ہیں۔

08 Dec 2022, 9:22 AM

عآپ کے وزیر اعلیٰ امیدوار ایسودان گڑھوی چل رہے پیچھے

گجرات میں عآپ کے وزیر اعلیٰ امیدوار ایسودان گڑھوی پیچھے چل رہے ہیں جو کہ عآپ کے لیے ایک زبردست جھٹکا ہے۔ دراصل بی جے پی کی آندھی میں عآپ کا نام و نشان مٹتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ جو 182 اسمبلی سیٹوں کے شروعاتی رجحانات سامنے آئے ہیں ان میں عآپ کے صرف ایک امیدوار آگے دکھائی دے رہے ہیں۔ بی جے پی کے 140 امیدوار اور کانگریس کے 41 امیدوار آگے چل رہے ہیں۔


08 Dec 2022, 8:53 AM

سبھی 182 سیٹوں کے رجحانات آئے سامنے، بی جے پی کی آندھی

گجرات میں تیزی کے ساتھ ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ سبھی 182 اسمبلی سیٹوں کے رجحانات سامنے آ گئے ہیں اور اس شروعاتی رجحانات میں بی جے پی کی آندھی دکھائی پڑ رہی ہے۔ تازہ رجحانات میں بی جے پی امیدوار 146 سیٹوں پر، کانگریس امیدوار 35 سیٹوں پر اور عآپ امیدوار 1 سیٹ پر آگے چل رہے ہیں۔ ان رجحانات سے ظاہر ہے کہ کانگریس بے حال دکھائی دے رہی ہے اور عآپ پوری طرح پست۔

08 Dec 2022, 8:45 AM

بی جے پی امیدوار اور رویندر جڈیجہ کی بیوی ریوابا جام نگر سیٹ پر آگے

گجرات میں ہندوستانی کرکٹر رویندر جڈیجہ کی بیوی اور بی جے پی امیدوار ریوابا جڈیجہ اپنی سیٹ جام نگر پر آگے چل رہی ہیں۔ ساولی سیٹ سے بی جے پی کے کیتل ایماندار آگے چل رہے ہیں۔ سیاجی گنج سے بھی بی جے پی امیدوار آگے ہیں۔

اس درمیان گجرات حکومت میں وزیر اور سورت ویسٹ سے بی جے پی امیدوار پورنیش مودی کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’بی جے پی ریکارڈ توڑے گی۔ یہ اب تک کی سب سے زیادہ سیٹ حاصل کرے گی اور ووٹنگ فیصد بھی سب سے زیادہ ہوگا۔ ہمارے سبھی امیدوار اپنے حریف سے بہت آگے چل رہے ہیں۔ بی جے پی ایک بڑی فتح حاصل کرنے جا رہی ہے۔‘‘


08 Dec 2022, 8:32 AM

شروعاتی رجحانات میں بی جے پی نے اکثریت حاصل کی، عآپ کی حالت خستہ

182 اسمبلی سیٹوں میں سے 168 کے رجحانات سامنے آ چکے ہیں اور بی جے پی نے ان رجحانوں کے مطابق گجرات میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔ بی جے پی رجحانات میں 132 سیٹوں پر، کانگریس 35 سیٹوں پر، اور عآپ 1 سیٹ پر آگے چل رہی ہے۔

08 Dec 2022, 8:18 AM

182 اسمبلی سیٹوں پر ہوئے انتخاب کی ووٹ شماری شروع، رجحانات میں بی جے پی آگے

گجرات میں 182 اسمبلی نشستوں کے لیے دو مراحل میں انتخابات کرائے گئے تھے اور آج ووٹوں کی گنتی تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ ابھی تک 80 سیٹوں کے رجحانات سامنے آ چکے ہیں جس میں بی جے پی 60، کانگریس 17، عآپ 3 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔


08 Dec 2022, 8:13 AM

ووٹوں کی گنتی شروع، سبھی امیدواروں کی دھڑکنیں تیز، رجحانات میں بی جے پی کی رفتار تیز

گجرات میں اسمبلی انتخاب کے نتائج کا سبھی کو بے صبری سے انتظار ہے۔ صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی ہے اور تیزی کے ساتھ پوسٹل بیلٹ والے ووٹ گنے جا رہے ہیں۔ شروعاتی رجحانات میں بی جے پی کی رفتار تیز دکھائی دے رہی ہے کیونکہ اب تک جن 40 سیٹوں کے رجحانات سامنے آئے ہیں ان میں 32 پر بی جے پی اور 7 پر کانگریس آگے چل رہی ہے۔ ایک سیٹ پر عآپ امیدوار آگے ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔