پٹھان کوٹ میں فوجی کیمپ کے گیٹ پر گرینیڈ سے حملہ، ایلرٹ جاری
پنجاب کے پٹھان کوٹ میں واقع فوجی کیمپ کے گیٹ پر گرینیڈ سے حملہ کیا گیا ہے ، حملے کے بعد پٹھان کوٹ کے سبھی علاقوں میں ایلرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کے پٹھان کوٹ میں واقع فوجی کیمپ کے گیٹ پر گرینیڈ سے حملہ کیا گیا ہے اور اے بی پی نیوز پورٹل پر شائع خبر کے مطابق فوجی کیمپ کے تریوینی گیٹ پر بائک سواروں نے گرینیڈ پھینکا تھا ۔ واضح رہے اس حملے کے بعد پٹھان کوٹ کے تمام علاقوں میں ایلرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ حملہ کرنے والوں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق پٹھان کوٹ کے ایس ایس پی سریندر لامبا نے بتایا ہے کہ پہلی نظر سے لگتا ہے کہ یہاں گرینیڈ دھماکہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگے کی جانچ جاری ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہاں سے ایک موٹر سائکل گزری تھی اور جس وقت وہ موٹر سائکل وہاں سے گزری اسی وقت دھماکہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو امید ہے کہ اچھی سی سی ٹی وی فوٹیج مل جائے گی جو حملہ کرنے والوں کی شناخت میں مدد کرے گی۔
واضح رہے پٹھان کوٹ ہندوستان کی ایک انتہائی اہم جگہ ہے جہاں فضائی اور زمینی فوج کےاسلحہ کے ڈپو ہیں ۔ واضح رہے سال 2016 میں پٹھان کوٹ فضائیہ اسٹیشن پر دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا ۔ اس حملے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے تھے اور آٹھ جوان شہید ہو گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔