کشمیر: سوپور میں پولس پارٹی پر گرینیڈ حملہ، ایس ایچ او اور محافظ زخمی
ترجمان نے بتایا کہ علاقہ کو محاصرے میں لیکر تلاشیاں لی جارہی ہیں۔ یہ گرینیڈ دھماکہ اس علاقہ میں ہوا جہاں فورسز نے ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی خبر ملنے پر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا تھا’۔
سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے وارپورہ سوپور میں جمعرات کو ملی ٹنٹوں کی طرف سے ایک پولس پارٹی کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا گیا جس کے نتیجے میں ایک پولس افسر اور ان کا ایک ذاتی محافظ زخمی ہوئے گئے۔
ریاستی پولس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کی طرف سے جمعرات کو صبح دس بجکر 20 منٹ پر وارپورہ سوپور میں ایک پولس پارٹی پر گرینیڈ پھینکا گیا۔ انہوں نے بتایا 'گرینیڈ کے پھٹنے سے اسٹیشن ہاﺅس آفیسر ڈنگی وچی مدثر احمد اور ان کا ایک ذاتی محافظ زخمی ہوئے۔ دونوں زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے'۔
ترجمان نے بتایا کہ علاقہ کو محاصرے میں لیکر تلاشیاں لی جارہی ہیں۔ یہ گرینیڈ دھماکہ اس علاقہ میں ہوا جہاں فورسز نے ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی خبر ملنے پر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا تھا'۔
ذرائع نے بتایا کہ ایس ایچ او کے ذاتی محافظ کی شناخت جاوید احمد کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کو بہتر علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق گرینیڈ دھماکہ کے بعد مقامی نوجوانوں نے مین ٹاون سوپور میں سڑکوں پر نکل کر فورسز پر پتھراﺅ شروع کیا۔ طرفین کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں۔ تاہم فوری طور پر کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ دریں اثنا انتظامیہ نے سوپور میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Mar 2019, 5:10 PM