مہاراشٹر میں ’گریٹ انڈین پولیٹیکل ڈراما‘: سی پی آئی
سی پی ایم کے سینئر رہنما اتل کمار انجان نے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں گذشتہ دس دنوں سے بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان حکومت سازی کے سلسلے میں رسہ کشی ایک بار پھر ’گریٹ انڈین پولیٹیکل ڈراما‘ میں بدل گئی
نئی دہلی: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(سی پی ایم) کے سینیئر رہنما اتل کمار انجان نے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں گذشتہ دس دنوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور شیو سینا کے درمیان حکومت سازی کے سلسلے میں رسہ کشی ایک بار پھر ’گریٹ انڈین پولیٹیکل ڈراما‘ میں بدل گئی ہے۔
پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری مسٹر انجان نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ پورے ملک میں وزیر اعظم نریندرمودی یہ یقین دہانی کروارہے ہیں کہ بی جے پی کی کبھی شکست نہیں ہونے والی ہے اور جس طرح سے ہریانہ میں بی جے پی نے پالیسی اور اخلاقیات کو طاق پر رکھ کر گوپال کانڈا اور دُشینت چوٹالا کی حمایت لے کر حکومت بنائی ، یہ شرمناک ہے۔
مسٹر انجان نے بی جے پی سے سوال پوچھاہے کہ لوک سبھا کے الیکشن سے قبل مہاراشٹر میں شیو سینا کے درمیان ڈھائی ڈھائی سال کی تقسیم کا معاہدہ ہوا تھا۔ انہوں نے بی جے پی کی اخلاقیات کو للکارتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ شیو سینا کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے معاہدے کو اجاگر کریں۔ اترپردیش میں بی جے پی نے مایاوتی کے ساتھ حکومت بنا کر ڈھائی۔ڈھائی سال کے لیے وزیر اعلیٰ کے عہدے کی تقسیم کی تھی تو آج اخلاقیات کی بات کرنا سیاسی بے ایمانی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ سنہ 2014 کے اسمبلی انتخابات میں مہاراشٹر میں بی جے پی اور شیو سینا علاحدہ علاحدہ انتخابی میدان میں اترے تھے اور انتخابی نتائج کے تین ماہ تک بے یقینی کے بعد دونوں پارٹیوں میں حکومت بنانے کا معاہدہ ہوا تھا۔ اب ٹھیک اسی طرح کا ڈرامہ کرکے بی جے پی اس بار بھی دباؤ بناکر ’ستَّا پر سٹَّا‘ لگا کر شیوسینا سے جیتنا چاہتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔