حکومت کو آئین کی منشا کے مطابق سیکولرازم کی پیروی کرنی چاہئے: مایاوتی
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے کہا ہے کہ حکومت کو آئین کی منشا کے مطابق سیکولرازم کی پیروی کرنی چاہیے
لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے کہا ہے کہ حکومت کو آئین کی منشا کے مطابق سیکولرازم کی پیروی کرنی چاہیے۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’وزیر اعظم کی جانب سے کل 15 اگست کو لال قلعہ سے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے ذریعے تمام مذاہب کا یکساں احترام کے سیکولرازم کے نظریہ کے نظام کو ’فرقہ وارانہ‘ کہنا کیا مناسب ہے؟ حکومت آئین کی منشا کے مطابق سیکولرازم کی پیری کرے، یہی حقیقی حب الوطنی اور فریضہ حکمرانی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ صرف یہی نہیں بلکہ وزیراعظم کی جانب سے ملک کے سلگتے ہوئے قومی مسائل جیسے کہ بے پناہ غربت، بے روزگاری، مہنگائی اور پسماندگی سے متاثر ہونے والے تقریباً 1.25 ارب عوام میں امید کی کوئی نئی کرن نہیں جگا پانا کتنا صحیح ہے؟ عوام کے 'اچھے دن' کب آئیں گے؟
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 15 اگست کو اپنی تقریر میں یکساں سول کوڈ یعنی یونیفارم سول کوڈ پر کہا تھا کہ ابھی تک ملک میں جو قانون ہے وہ ’فرقہ وارانہ سول کوڈ‘ ہے، اس لیے ملک کو ’سیکولر سول کوڈ‘ کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ مذہب کے نام پر تقسیم کرنے والے قوانین کو ہٹانا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارے ملک کا آئین اس بات پر زور دیتا ہے کہ ملک میں یکساں سول کوڈ ہونا چاہیے۔ سپریم کورٹ بھی یہ کہتا رہا ہے کہ ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔