حکومت سی اے اے کو واپس نہیں لے گی: نائب وزیر داخلہ

کانگریس لیڈر و سابق ایم ایل اے اجے رائے نے جی کشن ریڈی کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ انتباہ دینے سے تحریک پر اثر نہیں پڑے گا۔ عام عوام بذات خود سی اے اے کی مخالفت کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

وارانسی: وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی نے اپوزیشن پارٹیوں پر شہریت (ترمیمی) قانون کے خلاف عوام کو گمراہ کر کے انہیں پرتشدد احتجاج پر آماد ہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ قانون کسی بھی ہندوستانی کے خلاف نہیں ہے اور اسے کسی کے دباؤ میں واپس نہیں لیا جائے گا۔

دو روزہ دورے پر وارانسی پہنچے ریڈی نے دورے کے آخری دن سرکٹ ہاوس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی اے اے کے سلسلے میں اپوزیشن پارٹیوں کا طرزعمل بے حد غیر ذمہ دارانہ ہے۔اپوزیشن کی جانب سے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے اور ان کے اندر ڈر پیدا کر کے انہیں پرتشدد احتجاج کے لئے اکسایا جارہا ہے۔ سرکار اپوزیشن کے اس رویہ سے واقف ہے لیکن عام آدمی کو بھی ان کے اس رویہ سے آگاہ ہونا ہوگا اور انہیں ملکی مفاد کے ضرورتوں کو سمجھنا ہوگا۔


انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں سے عوام کو گمراہ کرنے سے باز آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا شہریت (ترمیمی) قانون میں جو بھی ترامیم کی گئیں ہیں ان سے کسی بھی طرح سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی نہیں ہے کیونکہ یہ ملک اور انسانیت کے حق میں اٹھایا گیا اہم قدم ہے۔

وہیں کانگریس لیڈر و سابق ایم ایل اے اجے رائے نے جی کشن ریڈی کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ انتباہ دینے سے تحریک پر اثر نہیں پڑے گا۔ عام عوام بذات خود سی اے اے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے اور ان کے درمیان تفرقہ ڈالنے کے مقصد سے ہی بی جے پی قیادت والی مرکزی حکومت نے شہریت قانون میں ترمیم کیا ہے اور مذہب کی بنیاد پر مخصوص غیر ملکی اقلیتوں کو شہریت دینے کا قانون بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔