شاہین باغ: ’حکومت کو روڈ کی فکر بہت ہے، دھرنے پر بیٹھی خاتون مظاہرین کی نہیں‘
شاہین باغ مظاہرین نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کے ان باتوں کی تردید کی کہ ”ہم نے وہاں کے لوگو ں سے ملاقات بھی کی اور ان کو سمجھایا کہ وہ اس طرح سے شہر کے ایک حصے کو بند نہیں کر سکتے“۔
نئی دہلی: قومی شہریت (ترمیمی)قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف شاہین باغ میں جاری مظاہرہ میں خاتون مظاہرین نے واضح کردیا کہ جب تک اس سیاہ قانون کو واپس نہیں لیا جاتا اس وقت تک ہمارا پرامن مظاہرہ جاری رہے گا۔ یہ ردعمل سپریم کورٹ کے ذریعہ مذاکرہ کار مقرر کرنے اور سماعت کو 24 فروری تک ملتوی کرنے کے بعد آیا۔
دبنگ دادیوں میں سے ایک نے کہاکہ ہمارا احتجاج جاری ہے اور اس وقت تک جاری رہے گاجب حکومت اس قانون واپس نہیں لیتی۔ انہوں نے کہاکہ ہم لوگ سیاہ قانون کے خلاف بیٹھی ہیں اور جب تک حکومت اسے واپس نہیں لیتی اس وقت تک ہمارا مظاہرہ اور دھرنا جاری رہے گا۔ اس کے علاوہ شاہین باغ کی دادیوں نے کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا اور کہاکہ ہم سپریم کورٹ کے مذاکرہ کارمقررکرنے کے حکم کا جائزہ لینے کے بعد کوئی بیان جاری کریں گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے دہلی کے شاہین باغ مظاہرین کو وہاں سے ہٹانے پر راضی کرانے کے لئے پیر کو سینئر ایڈووکیٹ سنجے ہیگڑے کو مذاکرات کار مقرر کیا ہے اور معاملے کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی۔جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس کے ایم جوزف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مسٹر ہیگڑے کو اپنے تعاون کے لئے دو مزید افراد کے انتخاب کی اجازت دی۔ تاہم، اس کے لئے مسٹر ہیگڑے نے خود سینئر ایڈوکیٹ سادھنا رام چندرن کے نام کی تجویز کی۔مذاکرات کار شاہین باغ مظاہرین سے بات کرکے اپنی رپورٹ 24فروری کو عدالت میں پیش کریں گے۔
سماجی کارکن اور مظاہرہ میں شامل ملکہ خاں اور نصرت آراء نے سپریم کورٹ کے مذاکرات کار مقرر کرنے کو مثبت قدم قراردیتے ہوئے کہاکہ پہلے آئیں اور ہماری تکلیف کو سنیں اور یہ سمجھیں ہم یہاں کیوں بیٹھی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت یہ سمجھ رہی ہے کہ ہم یہاں کوئی شوق سے بیٹھی ہیں تو غلط سوچ رہی ہے اور ان کا یہ نظریہ موضوع سے توجہ ہٹانے کے لئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکومت ہمارے ہی ووٹ سے بنی ہے اور پھر ہم سے ہی شہریت کا ثبوت کیوں طلب کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شاہین باغ مظاہرین ہمیشہ بات چیت کے لئے تیارہے ہیں لیکن اب تک کوئی بات چیت کے لئے شاہین باغ نہیں آیا ہے۔
شاہین باغ مظاہرین نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کے ان باتوں کی تردید کی کہ ”ہم نے وہاں کے لوگو ں سے ملاقات بھی کی اور ان کو سمجھایا کہ وہ اس طرح سے شہر کے ایک حصے کو بند نہیں کر سکتے“۔ انہوں نے کہاکہ تشار مہتا شاہین باغ مظاہرین سے کبھی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو اور کچھ لوگوں یا عدالت کو روڈ کی فکر بہت ہے لیکن یہاں بیٹھی خواتین مظاہرین کی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت اس قانون کو واپس نہیں لیتی اس وقت تک ہم اپنا مظاہرہ جاری رکھیں گی۔ ان خاتون مظاہرین نے کہاکہ گزشتہ دو ماہ سے زائد سے ہم لوگ مظاہرہ کر رہی ہیں اپنے گھر اور بچوں کو چھوڑ کر یہاں بیٹھی ہیں، حکومت کو اس کا احساس نہیں ہے۔
مظاہرین نے کہاکہ روڈ کے بند ہونے سے شاہین باغ کے لوگوں کوبھی پریشانی ہے کیوں کہ یہی ان کا راستہ ہے لیکن یہاں کے لوگ اس سیاہ قانون سے ہونے والی تکلیف کی وجہ سے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ مذاکرات کار ہماری تکلیف کو سنیں گے اور سمجھیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔