پارلیمنٹ میں دہلی تشدد پر بحث سے بچ رہی حکومت: کانگریس

آنند شرما نے کہا کہ دہلی میں گزشتہ ماہ کے آخر میں ہوئے تشدد کے دوران جان ومال کا کافی نقصان ہوا ہے لیکن حکومت اس سنگین مسئلہ پر سنجیدہ نہیں ہے اور وہ دہلی تشدد پر بحث کرانے سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت دہلی میں ہوئے تشدد کو لے کر بحث نہ کرانے کی اپنی ضد چھوڑنے کو تیا ر نہیں ہے جبکہ پورا ملک جاننا چاہتا ہے کہ اس سنگین مسئلہ پر ملک کی پارلیمنٹ کیا کہتی ہے۔

راجیہ سبھا میں کانگریس کے نائب رہنما آنند شرما نے منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس احاطہ میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ دہلی میں گزشتہ ماہ کے آخر میں ہوئے تشدد کے دوران جان ومال کا کافی نقصان ہوا ہے لیکن حکومت اس سنگین مسئلہ پر سنجیدہ نہیں ہے اور وہ دہلی تشدد پر بحث کرانے سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔


آنند شرما نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد کے ساتھ ہی کئی دیگر رہنماؤں نے بھی پارلیمانی امور کے وزیر اور دیگر وزیروں سے ملاقات کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت کو اس پر بغیر تاخیر کے بحث شروع کرانی چاہیے، کیونکہ ملک کےعوام اس تشدد پر پارلیمنٹ میں بحث چاہتے ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اپوزیشن کی بات کو سنے گی اور اپنی ضد چھوڑ کر اس مسئلہ پر جلد ہی بحث شروع کرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ماتا کے نعرے اور ترنگا کا استعمال کسی بھی ملک کے عوام کو شرپسند بنانے یا ٹکراؤ پیدا کرنے کے لئے نہیں کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اس سے ملک کا وقار مجروح ہوتا ہے اور اس طرح کی کوشش کسی بھی سطح پر نہیں کی جانی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔