زرعی قوانین پر اگر کسانوں کو خدشہ ہے تو حکومت بات چیت کے لیے تیار: مودی

آج کسانوں سے خطاب کے بعد پی ایم مودی نے کہا کہ وہ آئندہ 25 دسمبر کو ایک بار پھرسابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی جینتی پر ملک کے کسانوں کے سامنے اپنی بات رکھیں گے۔

پی ایم نریندر مودی
پی ایم نریندر مودی
user

یو این آئی

رائےسین: وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی دارالحکومت دہلی کے گرد گزشتہ کئی دنوں سے جاری کسان تحریک کے بیچ آج ملک کے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہ پھیلانے والوں سے محتاط رہیں اور اگر انہیں کسی قسم کا خدشہ ہے تو حکومت ان سے اس معاملے پر بات کرنے کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔

پی ایم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ مدھیہ پردیش کے لاکھوں کسانوں سے کسان مہاسمیلن کے ذریعہ بات چیت کی۔ کسان مہاسمیلن ریاست کے رائے سین ضلع ہیڈکوارٹر پر منعقدکیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی بی جے پی صدر وشنودت شرما، متعدد وزراء اور پارٹی عہدیدار موجود تھے۔


پی ایم مودی نے تقریباً 50 منٹ کی تقریر میں نئے قوانین کے التزامات کے بارے میں کسانوں کو تفصیل سے بتایا اور کہا کہ تینوں قوانین تقریباً چھ سات ماہ قبل نافذ ہوگئے ہیں اور یہ پوری طرح کسانوں اور زرعی شعبے میں بہتری کے لیے ہے۔ لیکن اس کے لیے سیاسی جماعتیں سچ نہ بول کر وہم پھیلانے کی سیاست کررہی ہیں۔

وزیر اعظم نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ملک کے تقریباً تمام کسانوں نے مرکزی حکومت کے نئے زرعی اصلاحات کو اپنایا ہے۔ یہ کسان فریب کاروں کو مسترد کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس کے باوجود وہ پھر سےکسانوں سے درخواست کر رہے ہیں کہ اگر انہیں کسی معاملے پر کوئی الجھن ہے تو حکومت ان سے بات کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کی تشویش کو دورکرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ کسانوں کے مفادات بھی حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔


پی ایم مودی نے کہا کہ آج انہوں نے کسان مہاسمیلن کے ذریعہ ملک کے سامنے سچائی رکھی ہےاور وہ آئندہ 25 دسمبر کو ایک بار پھرسابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی جینتی پر ملک کے کسانوں کے سامنے اپنی بات رکھیں گے۔ اس دن کسان سمان ندھی کا فنڈز کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے اپنی تقریر کے اختتام پرکسان مہاسمیلن کے انعقاد پر مدھیہ پردیش حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔