حکومت ہند نے بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کو رول ماڈل کی شکل میں تسلیم کیا: عبدالقیوم انصاری

بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ چیئرمین عبدالقیوم انصاری نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود، حکومت ہند نے تمام مدارس کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ادارہ کے ماڈل کو اپنائیں جو دینی اور عصری تعلیم کا سنگم ہے

تصویر بذریعہ یو این آئی
تصویر بذریعہ یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: ’’بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈکے طریقہ تعلیم اور اس کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کو محکمہ اقلیتی فلاح و بہود، حکومت ہند نے رول ماڈل کے طور پر تسلیم کیا ہے۔‘‘ یہ بات بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین عبدالقیوم انصاری نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کے لیے ایک مثالی بورڈ مانا گیا ہے جس کو پورے ہندوستان میں نافذ کئے جانے کی امید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں 9 ستمبرکو مدرسہ بورڈ کی رپورٹ Best Practices Report of Bihar State Madrasa Education Board, Patna نئی دہلی میں پیش کی گئی ہے۔

عبدالقیوم انصاری نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود، حکومت ہند نے تمام مدارس کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے ماڈل کو اپنائیں جو دینی اور عصری تعلیم کا سنگم ہے۔ بہاراسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی رہنمائی میں بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کے مایہ ناز ماہرین تعلیم کے ذریعہ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کا جدید نصاب تعلیم تیار ہوا۔ جس میں وسطانیہ، فوقانیہ اور مولوی درجات کے نصاب تعلیم کو از سر نو مرتب کیا گیا۔ نصاب کمیٹی کی نشست یو این او (U.N.O) کی شاخ یونیسیف کے تعاون سے یونیسیف کے آفس پاٹلی پترا، پٹنہ میں منعقد ہوئی تھی۔ اس میں درجہ ایک سے 8 تک تحتانیہ درجہ۔1 اور وسطانیہ درجہ۔8 تک مذہبی کتاب کے ساتھ ایس سی ای آر ٹی کی کتابیں شامل کی گئیں اور درجہ 9-10 فوقانیہ درجہ 11-12 مولوی میں مذہبی کتاب کے ساتھ این سی ای آر ٹی کی کتابیں شامل کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی درجہ مولوی کے تین شعبہ مولوی آرٹس، مولوی سائنس، اور مولوی کامرس کے نصاب بھی تیار کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مولوی کے نصاب میں جدت پیدا کرتے ہوئے مولوی اسلامیات کا شعبہ قائم کیا گیا ہے۔


عبدالقیوم انصاری نے مزید تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ نصاب تعلیم کے ساتھ ساتھ سبھی درجات کے جملہ موضوعات کے ضمن میں حکومت بہار کے رہنماء اصول کے تحت (Guide Line) Learning Outcomeبھی تیار کیا گیا ہے۔ اس کی طباعت کرا کر پورے بہار تمام مدارس کو فراہم کرائی جا چکی ہے۔ ساتھ ہی یونیسیف کے تعاون سے لرننگ آؤٹ کم کی ٹریننگ زوم کے ذریعہ تین ہزار مدارس کے اساتذہ کو کرائی گئی ہے۔ جس میں یہ بتایا گیا کہ اساتذہ کرام کو کیا پڑھانا ہے، اور کیسے پڑھانا ہے اس سے ان کی تلقین ہوگی۔

عبدالقیوم انصاری نے بتایا کہ مدرسہ بور ڈ کے جدید نصاب تعلیم میں مذہبی کتابوں کے ساتھ عصری علوم کی تدریس کے لیے درجہ 1 سے لے کر 8 تک ایس سی ای آر ٹی (SCERT) اور درجہ 9 سے 12 تک کے لیے مذہبی کتابوں کے ساتھ عصری علوم کی تدریس کے لیے این سی ای آر ٹی (NCERT) کی کتابیں شامل نصاب کی گئی ہیں۔ ایس سی ای آر ٹی اور این سی ای آر ٹی کی کتابیں بہار ٹیکسٹ بک کارپوریشن لمیٹڈ سے شائع کرا کر مدارس میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کے لیے فراہم کرا دی گئی ہیں۔ مدارس ملحقہ کی لائبریری کے لیے دفتر مدرسہ بورڈ کے ذریعہ وسطانیہ تا مولوی پر مشتمل درسی کتابیں فراہم کرائی جا چکی ہیں۔


بہار میں موجود مدارس کے تعلق سے بات کرتے ہوئے عبدالقیوم انصاری نے کہا کہ ریاست میں 4000 منظور شدہ مدارس ہیں جن میں سے تقریباً 2000 مدارس گرانٹ شدہ ہیں۔ ان سبھی مدارس میں پڑھنے والے طلبا و طالبات کو وزیراعلیٰ بہار کے ذریعہ سائیکل، اسٹائپن، مڈ ڈے میل، پوشاک منصوبہ کو نافذ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی وزیراعلیٰ حوصلہ افزائی منصوبہ کے تحت درجہ فوقانیہ (میٹرک) میں اول مقام حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو 10 ہزار روپئے، درجہ مولوی (انٹر) میں اول مقام حاصل کرنے والی طالبات کو 15 ہزار روپئے دیئے جارہے ہیں۔

عبدالقیوم انصاری نے مزید بتایا کہ مدرسہ بورڈ میں انفارمیشن ٹکنالوجی سیکشن کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔ وسطانیہ، فوقانیہ اور مولوی کا داخلہ آن لائن کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ امتحان فارم بھی آن لائن بھرے جا رہے ہیں۔ واضح ہو کہ داخلہ کارڈ یعنی ایڈمٹ کارڈ و نتائج امتحانات بھی آن لائن جاری کیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی طلبا و طالبات کو مارک شیٹ بھی آن لائن ڈاؤن لوڈ(Download) کرنے کی سہولت فراہم ہے۔ ریاست بہار کے مختلف اضلاع میں موجود مدرسوں کے مدرسین، کمیٹی کے ممبران کے ساتھ گاؤں کی عوام کے ذریعہ آن لائن درخواستیں دی جاتی ہیں اور اس کا جواب بھی آن لائن دیا جا رہا ہے۔ اسی کے ساتھ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ میں اپنا سرور (Server)نصب کردیا گیا ہے۔ جس سے دفتر کو کسی دوسرے سرور کی مدد اب نہیں لینی پڑتی ہے۔ مدرسہ بورڈ کے ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق تمام کام اسی سرور کی مدد سے کی جا رہی ہے۔ جس پر آئی ٹی سیکشن کے آئی ٹی انچارج کو مامور کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔