حکومت نے ایک سے ایک خیالی پلاؤ پکائے لیکن ایک سچ بھی تھا... : راہل گاندھی

راہل گاندھی نے مودی حکومت پر زبردست حملہ بولتے ہوئے کہا کہ کورونا کے دور میں حکومت نے ایک سے ایک خیالی پلاؤ پکائے لیکن ان مین ایک سچ بھی تھا

راہل گاندھی، تصویر / Getty Images
راہل گاندھی، تصویر / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بدھ کے روز ایک بار پھر مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کورونا وائرس پر حکومت کی بدانتظامیوں کی طرف عوام کی توجہ مبذول کرائی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کورونا کے دور میں مودی حکومت نے عام سے متعدد وعدے کئے جن کا سچائی سے کوئی لینا دینا نہیں تھا لیکن اسی اثنا میں حکومت نے ایک سچ بھی بول دیا۔

اپنے توئٹ میں راہل گاندھی نے کہا، ’’کورونا کال (کورونا کی عالمی وبا کا دور) میں بی جے پی حکومت نے ایک سے ایک خیالی پلاؤ پکائے، 21 دن میں کورونا کو شکست دیں گے، آروگیہ سیتو ایپ سے حفاظت کریں گے، 20 لاکھ کروڑ کا پیکیج، آتم نربھر بنو، سیما (سرحد) میں کوئی نہیں گھسا، صورت حال قابو میں ہے۔‘‘


انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اس سب کے ساتھ ایک سچ بھی تھا، آپدا میں اوسر (آفات میں موقع)۔ اس کے ساتھ راہل گاندھی نے ہیش ٹیگ پی ایم کیئرس (#PMCares) کا استعمال کیا۔ راہل گاندھی کا اشارہ مودی حکومت کی طرس سے قائم کئے گئے پی ایم کیرس فنڈ کی جانب تھا، جس پر حزب اختلاف نے کئی سوالات اٹھائے ہیں۔ راہل گاندھی کا مفہوم یہ ہے کہ حکومت نے پی ایم کیئرس کو ’آپدا میں اوسر‘ کی طرح استعمال کیا ہے۔

گزشتہ روز راہل گاندھی نے لاک ڈاؤن میں مہاجر مزدوروں کی موت سے متعلق اعداد حکومت کے پاس نہیں ہونے کے حوالہ سے طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ مزدوروں کی موت دنیا نے دیکھی لیکن صرف مودی حکوت کو ہی اس کی خبر نہیں ہو سکی۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا تھا، ’’مودی سرکار نہیں جانتی کہ لاک ڈاؤن میں کتنے مہاجر مزدور مارے گئے اور کتنی نوکریاں گئیں۔ تم نے نہیں گنا تو کیا موت نہیں ہوئی، ہاں مگر دکھ ہے سرکار پے اثر نہیں ہوئی، ان کا مرنا دیکھا زمانے نے، مودی سرکار ہے جسے خبر نہں ہوئی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔