خوشخبری! کورونا سے جنگ کے لیے 16 جنوری سے شروع ہوگی ٹیکہ کاری

پی ایم مودی کی صدارت میں ہوئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران فیصلہ لیا گیا کہ 16 جنوری سے کورونا ٹیکہ کاری کا آغاز ہوگا اور شروعاتی مراحل میں طبی اہلکاروں اور فرنٹ لائن ورکرس کو ترجیح دی جائے گی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ہفتہ کے روز پی ایم نریندر مودی نے کووڈ ٹیکہ کاری کے لیے ریاستی سطح پر ہوئی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میٹنگ میں کابینہ سکریٹری، پرنسپل سکریٹری اور ہیلتھ سکریٹری کے علاوہ دوسرے افسران نے بھی شرکت کی۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ 16 جنوری سے کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔ ٹیکہ کاری پروگرام کے شروعاتی مراحل میں طبی اہلکاروں اور فرنٹ لائن ورکرس ترجیح دی جائے گی جن کی ممکنہ تعداد تقریباً 3 کروڑ ہے۔

خبروں کے مطابق طبی اہلکاروں اور فرنٹ لائن ورکرس کے بعد ہی عام شہریوں کے لیے ٹیکہ کاری کی مہم شروع ہوگی۔ عوامی طور پر ٹیکہ کاری مہم شروع ہونے کے بعد 50 سال سے اوپر کی عمر والے اور سنگین بیماریوں میں مبتلا لوگوں کو پہلے ٹیکہ لگایا جائے گا۔ ایک اندازے کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ایسے افراد کی تعداد تقریباً 27 کروڑ کے آس پاس ہوگی۔ اس کے بعد ہی بقیہ لوگوں میں ٹیکہ کاری ہوگی۔


قابل ذکر ہے کہ پی آئی بی (پریس انفارمیشن بیورو) کی جانب سے دستیاب کرائی گئی جانکاری کے مطابق مرکزی حکومت نے لوہڑی، مکر سنکرانتی، پونگل اور ماگھ بیہو کے بعد ٹیکہ کاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ ہندوستان میں حالانکہ کورونا کا قہر کچھ قابو میں آیا ہے لیکن پھر بھی روزانہ تقریباً 20 ہزار نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں جس کی وجہ سے احتیاطی اقدامات ہر سطح پر کیے جانے کی تلقین حکومت نے کی ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔