’روح اَفزا‘ مارکیٹ میں پھر سے نظر آئے گا، ہمدرد کے اعلان کے بعد لوگوں میں خوشی کی لہر

لوگوں کی بے قراری اور گرمی کی شدت و رمضان کے پیش نظر ’ہمدرد‘ کمپنی نے باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے یہ خوشخبری سنائی ہے کہ بہت جلد ہردلعزیز ’روح افزا‘ مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

’ہمدرد‘ کمپنی کا شربت ’روح افزا‘ کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ بلکہ یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ رمضان میں افطار کے دسترخوان کا تصور بغیر روح افزا کے ممکن نہیں۔ لیکن یہی روح افزا جب کچھ مہینے سے بازار سے غائب ہے تو لوگوں میں ایک بے چینی اور بے قراری کا عالم دیکھنے کو ملا۔ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر یہ خبر وائرل ہو گئی کہ ’روح افزا‘ کی بازار میں غیر موجودگی سے لوگوں میں مایوسی ہے اور افطار کے وقت اس مشروب کی کمی شدت سے لوگ محسوس کر رہے ہیں۔ لیکن اب ان لوگوں کے لیے خوشخبری ہے جو بغیر روح افزا کے افطار کا تصور نہیں کرتے اور ان کے سامنے پیاس بجھانے کے لیے اس سے بہتر کوئی مشروب نہیں۔

لوگوں کی بے قراری اور گرمی کی شدت و رمضان کے پیش نظر ’ہمدرد‘ کمپنی نے باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے یہ خوشخبری سنائی ہے کہ بہت جلد ہردلعزیز ’روح افزا‘ مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔ بیان کے مطابق خام مال کی کمی کی وجہ سے کچھ دقتوں کا سامنا کرنا پڑا اور کمپنی کو پروڈکشن بند کرنے کے لیے سوچنا پڑا۔ لیکن اپریل مہینے سے اس کے پروڈکشن پر کام بہت تیزی کے ساتھ شروع ہو گیا ہے اور آئندہ ہفتہ تک پورے ہندوستان میں ’روح افزا‘ پہلے کی طرح ہی دستیاب ہو جائے گا۔


مارکیٹ سے ’روح افزا‘ کے غائب ہونے کے بعد اس طرح کی خبریں بہت تیزی کے ساتھ پھیلی تھیں کہ ’ہمدرد‘ کمپنی کے مالکان کے درمیان آپس میں کچھ نااتفاقی ہو گئی ہے جس کا اثر اس مشروب کے پروڈکشن پر پڑا ہے۔ لیکن کمپنی کے بیان نے ان باتوں کو محض افواہ قرار دے دیا ہے اور ساتھ ہی واضح کر دیا ہے کہ ’روح افزا‘ ایک بار پھر گھر گھر بہ آسانی پہنچ سکے گا۔

ایک انگریزی اخبار میں اس تعلق سے ’ہمدرد‘ کمپنی کے چیف سیلس اور مارکیٹنگ افسر منصور علی خان کا بیان بھی شائع ہوا ہے۔ انھوں نےانگریزی اخبار کو بتایا کہ نومبر 2018 میں ’روح افزا‘ کا پروڈکشن بند ہوا تھا اور اب یہ پروڈکشن تیزی کے ساتھ شروع ہو گیا ہے۔ منصور علی خان کا کہنا ہے کہ 15 اپریل کے آس پاس پروڈکشن کا کام دوبارہ شروع ہو گیا اور آئندہ ایک ہفتے کے دوران ملک کی سبھی دکانوں پر یہ مشروب بہ آسانی مل سکے گا۔


واضح رہے کہ ’روح افزا‘ جس کمپنی ’ہمدرد‘ کے ذریعہ تیار کیا جاتا ہے، اس کے بانی حکیم عبدالمجید تھے۔ 1900 میں یونانی طریقہ سے علاج کے لیے حکیم عبدالمجید نے یہ دواخانہ قائم کیا تھا اور کم وقت میں ہی یونانی دوائیں مشہور ہونے لگیں۔ شروعاتی دور میں ہی گرمیوں میں ٹھنڈک کا احساس دلانے کے مقصد سے حکیم صاحب نے ایک خاص دوا تیار کی اور یہ اتنی مشہور ہوئی کہ لوگ مشروب کی شکل میں اس کا استعمال کرنے لگے۔ اس کی شہرت دیکھ کر 1907 میں اسے مشروب کی شکل میں بڑے پیمانے پر بازار میں فروخت کیا جانے لگا۔ اس مشروب کا نام ’روح افزا‘ رکھا گیا جس نے حکیم عبدالمجید کی قسمت بدل دی۔

پرانی دہلی کی گلی قاسم جان سے نکل کر حکیم عبدالمجید نے ’روح افزا‘ کے لیے ایک فیکٹری بنائی اور پھر اس کا پروڈکشن شروع ہو گیا۔ اس کے ساتھ ہی ’ہمدرد لیباریٹری‘ نام سے کمپنی بھی شروع ہو گئی۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے ہمدرد برانڈ اور روح افزا دونوں کو لوگ پسند اور استعمال کرنے لگے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 May 2019, 7:10 PM