چھتیس گڑھ: کانگریس حکومت کا بڑا قدم، مارچ سے 400 یونٹ تک بجلی بل ہوگا نصف
وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اسمبلی میں وقفہ سوال کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ اس قدم سے ریاست کے تقریباً 47 لاکھ گاہک مستفیض ہوں گے۔
رائے پور: چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ آئندہ یکم مارچ سے ریاست میں بی پی ایل اور گھریلو گاہکوں کا 400 یونٹ تک کا بجلی بل نصف آئے گا۔ بگھیل نے آج اسمبلی میں وقفہ سوال کے دوران اپوزیشن لیڈر دھرم کوشک کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 400 یونٹ تک بجلی بل نصف کرنے کا فیصلہ یکم مارچ سے نافذہو جائے گا۔ اپریل کے مہینے کی جو بلنگ ہوگی اس میں یہ تخفیف شامل ہوگی۔
بھوپیش بگھیل نے کہا کہ اس سے 47 لاکھ گاہک مستفیض ہوں گے۔ انہوں نے بی جے پی کے رکن کوشک کے کسانوں کے بل میں کمی کے بارے میں پوچھے گئے اضافی سوال کے جواب میں کہا کہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے کانگریس کے ارکان کے دباؤ میں کسانوں کو ایک پمپ پر 100 روپیے ہارس پاور دوسرے پمپ پر 200 اور تیسرے پمپ پر 300 روپیے کا فلیٹ ریٹ جو سابقہ حکومت نے نافذ کیا تھا، وہ اب بھی جاری ہے۔ بگھیل کے جواب سے غیر مطمئن ہوکر کوشک اور دوسرے بی جے پی کے ارکان نے حکومت پر کسانوں کے بل میں کمی کا وعدہ پورا نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔