مودی کا شہزادہ سلمان کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام، روغن جوش سے لے کر موسیقی تک کا انتظام

وزیر اعظم نریندر مودی نے شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے وفد کے لئے ظہرانہ کا انتظام کیا، موسیقی کے ساتھ لنچ میں نان ویج میں روغن جوش، تندوری گلابی مچلھی، قیمہ سموسہ وغیرہ پیش کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

راشٹر پتی بھون میں شاندار استقبال کے بعد سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور ان کے ساتھ آئے وفد نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ظہرانہ کی دعوت میں شرکت کی۔

ہندوستان کے دورے پر آئے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کو بدھ کے روز راشٹر پتی بھون میں صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریدنر مودی کی طرف سے ریاستی استقبال کیا گیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور عرب کے درمیان کی دوستی ہمارے خون میں ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ہندوستان پہنچنے پر دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ان کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے وفد کے لئے لنچ میں نان ویج میں روغن جوش، تندوری گلابی مچھلی، قیمہ سموسہ شامل تھا۔

وہیں ویجیٹیرین کھانے میں دال مکھنی، بدین جام اور کرکری تلی بھنڈی، گول گپے، روا ٹوسٹ، پاک چیز سموسے، پنین کالی مرچ شامل تھا۔ اس کے ساتھ ہی میٹھے میں قیصر جلیبی، گلاب جامن اور فالودہ کے ساتھ شاہی قلفی کا انتظام تھا۔ لنچ میں دارجیلنگ کی چائے، جنوبی ہند کی کافی اور قہوہ بھی پیش کیا گیا۔

لنچ کے علاوہ وزیر اعظم کی طرف سے شہزادہ سلمان کے لئے سرود کنسرٹ بھی منعقد کیا گیا۔ اس میں ویشنو جن تو تینے کہیے، کیسریا بالم پدھارو مارو دیش، موہے پن گھٹ پے نند لال اور لگ جا گلے سمیت 12 گانوں کی دھنوں کو پیش کیا گیا۔

سعودی عرب کے شاہ سلمان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پہلے وزیر خارجہ سشما سوراج اور پھر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے جہاں سعودی عرب کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کا ذکر کیا وہیں، محمد بن سلمان نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہندوستان کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔