پودے کھانے کی سزا، پولس نے بکریوں کو تھانہ میں باندھ دیا!

حضور آباد کے سرکل انسپکٹر جی مادھوی کے مطابق ان بکریوں کو پولس اسٹیشن کے احاطہ میں باندھ دیا گیا اور جب ان بکریوں کا مالک پولس اسٹیشن پہنچا تو ان کو چھوڑ دیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ میں سرسبزی و شادابی میں اضافہ کے لئے حکومت کے باوقار پروگرام ہریتا ہارم کے حصہ کے طور پر لگائے گئے پودوں کو کھا جانے والی بکریوں کو پولس اسٹیشن میں باندھ دیا گیا۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کی حضور آباد بلدیہ کے حدود میں پیش آیا۔

چند دنوں سے علاقہ کی رضاکارانہ تنظیمیں جو پودوں کے تحفظ کے لئے سرگرم ہیں، پولس سے بار بار شکایت کر رہی تھیں کہ بعض بکریاں ان کی جانب سے لگائے گئے پودوں پر حملہ کر رہی ہیں، ان تنظیموں کی جانب سے بادام کے پودے لگائے گئے تھے تاہم پولس نے اس پر کوئی خاص توجہ نہیں دی جس کے بعد ان تنظیموں کے کارکنوں نے ان پودوں پر حملہ کرنے والی بکریوں کا خود ہی پتہ لگالیا اور ان بکریوں کو پکڑ کر پولس کے حوالے کردیا۔


حضور آباد کے سرکل انسپکٹر جی مادھوی کے مطابق ان بکریوں کو پولس اسٹیشن کے احاطہ میں باندھ دیا گیا اور جب ان بکریوں کا مالک پولس اسٹیشن پہنچا تو ان کو چھوڑ دیا گیا۔ اسی دوران بلدیہ حکام نے بکریوں کے مالک راجیا پر ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ جرمانہ بغیر نگرانی کے بکریوں کو کھلے عام چھوڑ دینے پر عائد کیا گیا۔

بکریوں کو پکڑنے والوں نے بتایا کہ علاقہ کے اسکولوں، اسپتالوں اور پولس اسٹیشنوں کی حدود میں تقریباً 960 بادام کے پودے لگائے گئے جس کے لئے اپنے طور پر رقم خرچ کی گئی۔ ان پودوں کو حاصل کرنے کے لئے ان کو سخت محنت کرنی پڑی تاہم ان پودوں کو ان بکریوں کی جانب سے کھالینے پر ان کو کافی مایوسی ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔