ترنمول کو غور کرنا چاہیے کہ وہ گوا میں بی جے پی کی مدد تو نہیں کر رہی: سرجے والا
رندیپ سرجے والا نے پنجی میں کہا کہ ’’میں ترنمول کانگریس سمیت سبھی سیاسی پارٹیوں سے گزارش کروں گا کہ آپ کو سوچنا ہوگا کہ جانے انجانے آپ گوا میں ایک اچھی حکومت بنانے میں رخنہ انداز ہوں گے یا نہیں۔‘‘
کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سرجے والا نے ہفتہ کے روز ترنمول کانگریس کے لیڈروں سے غور و فکر کرنے اور اس پر سوچنے کی گزارش کی کہ کیا 14 فروری کو ہونے والے اسمبلی انتخاب میں ان کی شرکت سے بی جے پی کو فائدہ ہوگا یا نہیں۔ سرجے والا نے پنجی میں ایک پریس کانفرنس میں نامہ گاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’میں ترنمول کانگریس سمیت سبھی سیاسی پارٹیوں سے گزارش کروں گا کہ آپ کو سوچنا ہوگا کہ جانے انجانے آپ گوا میں ایک اچھی حکومت بنانے میں رخنہ انداز ہوں گے یا نہیں۔‘‘
سرجے والا نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’آپ کی یہاں سیاسی شناخت یا بنیاد نہیں ہے۔ کیا آپ جانے انجانے میں بی جے پی کی مدد کر رہے ہیں؟ اور اگر آپ کو خود احتسابی کے ذریعہ سے ایسا لگتا ہے، تو دیر نہیں ہوئی ہے۔ آگے بڑھیں اور طے کریں کہ آپ بی جے پی کی حمایت کریں گے یا نہیں۔‘‘ کانگریس ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کو دیگر غیر بی جے پی سیاسی پارٹیوں سے انتخاب کے بعد حمایت کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ کانگریس اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئے گی۔
رندیپ سرجے والا نے پریس کانفرنس کے دوران پراعتماد انداز میں کہا کہ ’’بھگوان کی خواہش ہے کہ ہمیں انتخاب کے بعد کسی اتحاد کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ایک خیالی سوال بنا رہے گا۔‘‘ واضح رہے کہ کانگریس نے گوا میں گوا فارورڈ پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا ہوا ہے جب کہ ترنمول کانگریس نے مہاراشٹروادی گومانتک پارٹی کے ساتھ اتحاد کر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔