گوا: سونالی پھوگاٹ کی موت سے متعلق ’کرلیز ریستراں‘ کے خلاف انہدامی کارروائی شروع

پولیس کے مطابق سابق ٹک ٹاک اسٹار بی جے پی کی لیڈر سونالی پھوگاٹ کو کرلیز ریستراں میں مبینہ طور پر نشہ آور چیز پلائی گئی تھی، جس کے بعد 23 اگست کو ان کی موت واقع ہو گئی

تصویر بشکریہ ’گوا نیوز ہب‘
تصویر بشکریہ ’گوا نیوز ہب‘
user

قومی آواز بیورو

پنجی: گوا حکومت نے جمعہ کی صبح اصولوں کی خلاف ورزی کے الزام میں اس ریستراں کے خلاف انہدامی کارروائی شروع کر دی گئی، جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ہریانہ یونٹ کی لیڈر سونالی پھوگاٹ مردہ حال میں پائی گئی تھیں۔ اس ریستراں کو کوسٹل ریگولیشن زون (سی آر زیڈ) کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے۔

'کرلیز' نامی یہ ریستوراں شمالی گوا کے مشہور انجونا بیچ پر واقع ہے۔ اپنی موت سے چند گھنٹے پہلے پھوگاٹ اس ریستوراں میں پارٹی کر رہی تھیں۔ اس وجہ سے یہ ریستوراں حال ہی میں خبروں میں تھا۔ ریستوراں کے مالک ایڈون نیونس ان پانچ افراد میں شامل ہیں جنہیں فوگاٹ کی موت کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔


ایک عہدیدار نے کہا ’’ضلع انتظامیہ کا انہدامی دستہ انجونا پولیس اہلکاروں کے ساتھ صبح 7.30 بجے ساحل سمندر پر پہنچ گیا تاکہ سی آر زیڈ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ’تعمیر کے لیے ممنوعہ علاقے' میں واقع ریستوراں کو منہدم کیا جا سکے۔‘‘

گوا کوسٹل زون مینجمنٹ اتھارٹی (جی سی زیڈ ایم اے) نے 2016 میں عمارت کو منہدم کرنے کا حکم دیا تھا، جسے ریستوراں کے مالک نے نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) میں چیلنج کیا تھا، تاہم انہیں این جی ٹی کی جانب سے کوئی راحت نہیں ملی، جس کے بعد اس عمارت کو مسمار کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔

جسٹس آدرش کمار گوئل کی سربراہی والی این جی ٹی بنچ نے 6 ستمبر کو اس معاملے کی سماعت کی تھی۔ بنچ نے جی سی زیڈ ایم اے کے حکم کو برقرار رکھتے ہوئے ریستراں انتظامیہ کی طرف سے دائر درخواست کا تصفیہ کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ نے جمعرات کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے اپنے انہدامی دستہ سے جمعہ کے روز ڈھانچہ گرانے کا حکم دیا تھا۔ یہ نوٹس ماپوسا سب ڈویژن کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ گروداس ایس ٹی دیسائی نے جاری کیا تھا۔

پولیس کے مطابق سابق ٹک ٹاک اسٹار، رئیلٹی شو 'بگ باس' کی کنٹسٹنٹ رہ چکیں اور بی جے پی کی لیڈر سونالی پھوگاٹ کو کرلیز ریستراں میں مبینہ طور پر نشہ آور چیز پلائی گئی تھی، جس کے بعد 23 اگست کو ان کی موت واقع ہو گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔