گوا اسمبلی انتخاب 2022: کانگریس نے جاری کی 8 امیدواروں کی پہلی فہرست

کانگریس ریاست میں گوا فارورڈ پارٹی (جی ایف پی) کے ساتھ اتحاد کر کے الیکشن لڑے گی، ریاست کی 40 رکنی اسمبلی کے لیے آئندہ سال فروری-مارچ میں اسمبلی انتخاب ہونا ہے۔

کانگریس پارٹی / آئی اے این ایس
کانگریس پارٹی / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

گوا میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس نے 8 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی نے سابق وزیر اعلیٰ دگمبر کامت کو مڑھگاؤں سے امیدوار بنایا ہے۔ وہ ابھی اسی سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔ ریاستی کانگریس کمیٹی کے سینئر لیڈروں الیکسیو لارینکو کو کرٹوریم اسمبلی حلقہ اور سدھیر کانولکر کو ماپوسا اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ٹونی روڈرکس کو تیلیگاؤ، راجیش ویرینکر کو پونڈا، سنکلپ امونکر کو مرمگاؤ، یوری الیماؤ کو کنکولم، اور الٹون ڈیکوسٹا کو کویپیم سے ٹکٹ ملا ہے۔ کانگریس ریاست میں گوا فارورڈ پارٹی (جی ایف پی) کے ساتھ اتحاد کر کے الیکشن لڑے گی۔ ریاست کی 40 رکنی اسمبلی کے لیے آئندہ سال فروری-مارچ میں اسمبلی انتخاب ہونا ہے۔

اس انتخاب میں برسراقتدار بی جے پی کا مقابلہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے ساتھ ساتھ ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس سے بھی ہوگا۔ ترنمول کانگریس اس مرتبہ پہلی بار گوا میں قسمت آزمائی کر رہی ہے۔ گوا میں 2017 کے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی نے 36 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے تھے جن میں سے 13 پر کامیابی ملی تھی۔ کانگریس نے 37 سیٹوں پر الیکشن لڑا تھا اور 17 سیٹوں پرجیت حاصل ہوئی تھی۔ سب سے بڑی پارٹی بننے کے باوجود کانگریس حکومت نہیں بنا پائی تھی اور بی جے پی نے جوڑ-توڑ کی حکومت تشکیل دی تھی۔

2017 کے اسمبلی انتخاب میں این سی پی نے ایک سیٹ حاصل کی تھی، آزاد امیدواروں وک تین سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔ جی ایف پی اور مہاراشٹروادی گومانتک پارٹی نے تین تین سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔ گوا میں آئندہ انتخاب کے لیے ترنمول کانگریس اور مہاراشٹروادی گومانتک پارٹی (ایم جی پی) کے درمیان اتحاد ہے۔ ایم جی پی ریاست کی سب سے پرانی علاقائی پارٹی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔