تشدد پر آمادہ گری راج کے حامی سی آئی ایس ایف سے نبرد آزما
پٹنہ: مودی کابینہ میں جگہ ملنے کے بعد گری راج کے حامیوں نے قانون کو بالکل کھلونا سمجھ لیا ہے۔ آج پٹنہ ائیر پورٹ پر جب مرکزی وزیر گری راج سنگھ پہنچے تو ان کے حامیوں نے افرا تفری کا ماحول پیدا کر دیا۔ وہ گری راج سنگھ کے استقبال میں اس قدر لاپروا ہو گئے کہ ممنوعہ علاقے میں داخل ہونا شروع کر دیا۔ سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے جب انھیں روکا تو وہ لات گھونسے چلانے سے بھی باز نہیں آئے۔
ذرائع کے مطابق پٹنہ ائیر پورٹ پر اس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا جب بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ کی فلائٹ پہنچی۔ ان کے حامی ان کا استقبال کرنے کے لیے اس علاقے میں داخل ہو گئے جہاں سیکورٹی کے نقطۂ نظر سے لوگوں کے داخلے پر پابندی ہے۔ سی آئی ایس ایف کے جوان نے جب انھیں منع کیا تو وہ بحث و تکرار کرنے لگے اور لڑائی پر آمادہ ہو گئے۔ سی آئی ایس ایف کے ذریعہ سمجھنے سمجھانے سے شروع ہوا معاملہ لات گھونسوں میں تبدیل ہو گیا۔ اس ہنگامہ کو دیکھ کر وہاں موجود عام لوگ خوف زدہ ہو گئے اور اِدھر اُدھر بھاگنے لگے۔ سیکورٹی اہلکاروں نے اپنی جانب سے حالات کو قابو میں کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن کثیر تعداد میں پہنچے گری راج حامی کچھ بھی سننے کوتیار نہیں تھے۔ آخر میں سیکورٹی اہلکاروں کو سختی اختیار کرنی پڑی جب کسی طرح معاملے کو سنبھالا جا سکا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔