’غرور میں انسان کو انسان نہیں دکھتا‘ کسان تحریک کے دوران سدھو کا ٹوئٹ

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک جاری اور کسان آج ملک بھر میں چکہ جام کرنے جا رہے ہیں، لہذا سدھو کے اس ٹوئٹ کو اسی تحریک سے منسلک کر کے دیکھا جا رہا ہے

کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو (فائل تصویر / آئی اے این ایس)
کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو (فائل تصویر / آئی اے این ایس)
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: زرعی قوانین کے خلاف پارلیمنٹ سے لے کر سڑک تک کسانوں کی تحریک جاری ہے۔ آج دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کسان چکہ جام کرنے جا رہے ہیں۔ دریں اثنا، کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے مخصوص انداز میں ٹوئٹ کیا ہے۔ اگرچہ ٹوئٹ میں انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا ہے، تاہم انہوں نے اس ٹوئٹ کے ذریعے ایک پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔

نوجوت سنگھ سدھو نے ٹوئٹ میں لکھا ’’غرور میں انسان کو انسان نہیں دکھتا۔ جیسے چھت پر چڑھ جاؤ تو اپنا ہی مکان نہیں دکھتا۔‘‘ لوگ اس ٹوئٹ کے معنی اپنے اپنے انداز میں نکال رہے ہیں۔


خیال رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کسان تحریک کی حمایت میں نریندر مودی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کے خلاف لگاتار آواز اٹھاتے آئے ہیں۔ اس سے پہلے بھی سدھو نے لکھا تھا کہ امیر کے گھر پر بیٹھا ایک کوّا بھی مور نظر آتا ہے، ایک غریب کا بچہ کیا تہمیں چور نظر آتا ہے؟ سدھو کے شعری انداز کو لوگ اپنی سمجھ کے مطابق معنی نکالتے ہیں اور سدھو کے اس ٹوئٹ کے حوالہ سے لوگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے دہلی کی سرحدوں پر پولیس کی ناکہ بندی پر طنز کیا ہے۔

قبل ازیں، زرعی قوانین پر کسانوں کے خدشات اور اعتراضات پر غور کرنے کے لئے سپریم کورٹ نے جب اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی، اس وقت بھی سدھو نے ٹوئٹ کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا، ’’جمہوریت میں قانون عوامی نمائندگان کی جانب سے بنائے جاتے ہیں نہ کی عدالتوں یا کمیٹیوں کی جانب سے... کوئی بھی مفاہمت، بحث یا تبادلہ خیال کسانوں اور پارلیمنٹ کے درمیان ہونا چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔