اسلحہ فیکٹری کے نزدیک بدمعاشوں نے نوجوان سے کہا ’رام رام‘ اور گولی مار کر ہلاک کر دیا

آرڈیننس فیکٹری کے باہر پیش آئے اس واقعہ کے بعد ہنگامہ برپا ہو گیا۔ یہ واردات منگل کے روز سرزد ہوئی۔ فی الحال علاقے میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اترپردیش میں جرائم عروج پر ہیں اور راجدھانی لکھنؤ سے لے کر دہلی مغربی یوپی تک ہاہاکار مچا ہوا ہے۔ ملک کی راجدھانی سے متصل غازی آباد کا بھی کچھ ایسا ہی حال ہے اور یہاں بھی جرائم پیشہ بے خوف واردات انجام دے رہیے ہیں۔ تازہ معاملہ منگل کے روز مراد نگر میں پیش آیا جہاں شرپسندوں نے سرِ عام ایک شخص کے سینے میں گولیاں اتار دیں۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ گورو نامی شخص کا قتل کسی عام علاقے میں نہیں بلکہ ایک انتہائی محفوظ علاقے میں کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، شرپسندوں نے وزارت دفاع کے ماتحت آنے والی آرڈیننس فیکٹری کے باہر نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کیا۔


غازی آباد کے مراد نگر کا رہائشی گورو اپنے گاؤں سے دکان کی طرف جارہا تھا کہ دو شرپسندوں نے اسے آرڈیننس فیکٹری کے نزدیک تھام لیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق شرپسندوں نے سب سے پہلے ’رام رام‘ کہا اور اس کے بعد اس کے سینے میں 5 گولیاں اتار دیں۔ گوروں نے گولی لگنے کے بعد موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ اعلی سکیورٹی والے علاقے میں دن کی روشنی میں ہونے والی اس واردات سے ریاست کے نظم و نسق پر سوال کھڑے کر دئے ہیں۔

مقتول کے اہل خانہ نے بتایا کہ ابھی کچھ دن پہلے ہی گورو کا گائوں کے ہی رہائشی وکی نامی شخص سے جھگڑا ہوا تھا۔ گورو کے بھائی اتل نے بھی وکی پر قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ اس پورے معاملے میں ایس ایس پی غازی آباد سدھیر کمار نے کہا کہ جیسے ہی اہل خانہ مقدمہ درج کرائیں گے ملزم کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ فی الحال پولس اس معاملے کی چھان بین میں مصروف ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Oct 2019, 3:40 PM