جہاں گائے کٹے گی، وہیں قصائی بھی کٹے گا، گئورکشکوں کا اعلان

دہلی کے رام لیلا میدان میں راجستھان کے گئو رکشا کمانڈو فورس کے ایس ایس ٹائیگر نے کہا کہ جہاں بھی گائے کو ذبح ہوتے دیکھیں گے تووہ فوراً قصائی کو گولی مار دیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کے رام لیلا میدان میں راجستھان گئو رکشا کمانڈو فورس کے ایس ایس ٹائیگر نے کہا ہے کہ وہ جہاں بھی گائے کا قتل ہوتے دیکھیں گے وہاں فوراً قصائی کو بھی گولی مار دیں گے۔ انہوں نے کھلے عام قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں کسی قانون کے دستور کی پرواہ نہیں ہے، جہاں گائے کٹے گی، وہیں قصائی کٹے گا۔‘‘

ایک طرف ملک میں گھوٹالوں کا بازار گرم ہے، ہزاروں کروڑ روپے کا گھپلہ کیا جا رہا ہے لیکن شرپسند عناصر ملک کو دوسرے ہی مسائل میں الجھا کر رکھنے سےباز نہیں آ رہے ہیں۔ گائے کے نام پر ہجومی تشدد اور قتل و غارت کے واقعات اب عام ہو چلے ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اب بات یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ گئورکشک دہلی کی سرزمین سے نظم و نسق کو کھلا چیلنج دے رہےہیں۔

رام لیلا میدان پر ’’گئو ماتا پرتشٹھا آندولن ‘‘میں شامل ہونے کے بعد ایس ایس ٹائیگر نے کہا کہ ’’آپ لوگوں کو گایوں کا قتل ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ وزراء اور رہنما گونگے ہو سکتے ہیں، لیکن ہم ، اگر کوئی ہماری ماں کے ساتھ ظلم و ستم کرے گا، کیا ہم برداشت کریں گے؟ ہمیں تو صرف سنتوں کے حکم کا انتظار ہے۔‘‘

ایس ایس ٹائیگرمزید کہا کہ وزیر اعظم مودی نے اگر ’گائے ماتا ‘ کو ’مادر وطن ‘ قرار نہیں دیا اور گائے کے ذبح کو پوری طرح ممنوع قرار نہ دیا تو اب نہ وہ کوئی تحریک چلائیں گے اور نہ ہی دھرنا دیں گے۔ وہ جہاں بھی گائے کو ذبح ہوتے دیکھیں گے سر عام ذبح کرنے والوں کو گولی مار دیں گے۔

ایس ایس ٹائیگرنے ملک کے قانون کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ’’ ملک کا قانون ہمیں پھانسی چڑھا دے یا جیل میں ڈال دے ہمیں اس کی پرواہ نہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Feb 2018, 12:31 PM