نوی ممبئی میں گیس سلنڈر دھماکہ، گھر اور دکان میں لگی آگ، دو بچوں سمیت تین ہلاک، ایک زخمی
اُلوے میں بدھ کی شام تین گیس سلنڈروں میں دھماکہ کے بعد ایک جنرل اسٹور اور گھر میں شدید لگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
نوی ممبئی کے اُلوے میں بدھ کی شام تین گیس سلنڈروں میں دھماکہ ہو گیا جس کے بعد ایک جنرل اسٹور اور ایک گھر میں شدید آگ لگ گئی۔ اس آتشزدگی کی زد میں آکر ایک ہی کنبہ کے 3 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ ایک زخمی ہے۔ پولیس نے معاملے کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ مرنے والوں میں 2 بچے شامل ہیں۔ اس حادثہ میں دکاندار رمیش شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج اپولو اسپتال میں کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کی اہلیہ منجو اور دو بچے اب اس دنیا میں نہیں رہے۔
اضافی پولیس کمشنر (ایس پی) نوی ممبئی نے واقعہ کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ہمیں 30 اکتوبر کو تقریباً 8 بجے اطلاع ملی کہ ایک شخص کی رہائش اور کِرانہ اسٹور میں آگ لگ گئی ہے، اس کے بعد پولیس اور فائربریگیڈ دستہ نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس کی ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ کرانہ اسٹور میں تین گیس سلنڈروں کے پھٹ جانے سے دکان اور رہائش میں آگ لگ گئی جس کی زد میں آکر دو بچوں سمیت تین لوگوں کی موت ہو گئی۔
چیف فائر بریگیڈ افسر وجئے رانے نے بھی واقعہ کے سلسلے جانکاری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پا لیا۔ زخمی شخص کو مقامی لوگوں نے اسپتال میں داخل کرایا ہے۔ ٹیم کے ذریعہ 2 فائر ٹینڈر کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ پہلی نظر میں ایسا لگ رہا ہے کہ گیس سلنڈر میں دھماکہ کی وجہ سے آگ لگی، لیکن ابھی تک اس کا واضح طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے۔ فی الحال یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ گھر اور جنرل اسٹور میں آگ کیسے لگی؟"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔