گارگی کالج دست درازی: سپریم کورٹ کا عرضی پر سماعت سے انکار، ہائی کورٹ جانے کی ہدایت

منوہر شرما نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرکے معاملے کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے جانچ کرانے کی ہدایت دینے کے لئے عدالت سے درخواست کی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے دہلی یونیورسٹی کے گارگی کالج میں طالبات سے دست درازی معاملے کے تعلق سے جمعرات کے روز عرضی گزار کو دہلی ہائی کورٹ جانے کا مشورہ دیا۔ عرضی گزار وکیل منوہر لال شرما نے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے، جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس سوریہ كانت کی بنچ کے سامنے معاملے کا خصوصی ذکر کر کے فوری طور پر سماعت کی درخواست کی تھی۔ جسٹس بوبڈے نے منوہر لال شرما سے کہا کہ وہ اپنی عرضی لے کر دہلی ہائی کورٹ جائیں۔

منوہر شرما نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرکے معاملے کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے جانچ کرانے کی ہدایت دینے کے لئے عدالت سے درخواست کی تھی۔ عرضی میں کہا گیا تھا کہ کالج میں سالانہ تقریب کے دوران ادھیڑ عمر کے لوگوں نے گھس کر کئی گھنٹوں تک طالبات سے چھیڑ چھاڑ کی ہے، جبکہ نہ تو کالج انتظامیہ، نہ ہی وہاں تعینات پولیس افسران نے ان شرپسندوں کے خلاف کوئی کارروائی کی۔


درخواست گزار نے اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کرائے جانے کے علاوہ تمام ویڈیو فوٹیج، کالج اور باہر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ضبط کرنے کی ہدایت دینے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

واضح ر ہے کہ دہلی کے گارگی کالج کی طالبات نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ چھ فروری کو شراب پی کر کچھ باہری لوگ کالج کیمپس میں گھس گئے، جنہوں نے لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور بدتمیزی کی۔ گارگی کالج میں تین روزہ منعقد سالانہ تقریب کے آخری دن یہ واقعہ پیش آیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔