ہندوستان سے فرار ہونے والا گینگسٹر کینیڈا میں ہلاک، این آئی اے کی مطلوبہ فہرست میں شامل تھا

ہندوستان سے فرار ہو کر کینیڈا میں چھپے ایک اور گینگسٹر سکھدول سنگھ عرف سکھا دونیکے کو کینیڈا میں قتل کر دیا گیا ہے۔ سکھا خالصتانی دہشت گرد ارشدیپ سنگھ عرف عرش ڈالا کا قریبی تھا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہندوستان سے فرار ہونے والے ایک اور گینگسٹر کو کینیڈا کے شہر پنی پیگ میں قتل کر دیا گیا ہے۔ پنجاب سے فرار ہو کر کینیڈا میں چھپے اے کیٹیگری کے گینگسٹر سکھدل سنگھ عرف سکھا دونیکے کو کینیڈا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ سکھا خالصتانی دہشت گرد ارشدیپ سنگھ عرف عرش ڈالا کا دایاں ہاتھ تھا اور این آئی اے کی مطلوبہ فہرست میں شامل تھا۔ سکھا کینیڈا میں بیٹھ کر ہندوستان میں اپنے حواریوں کے ذریعے بھتہ خوری کا کام بھی کرتا تھا۔

سکھدل سنگھ عرف سکھا دونیکے نے 2017 میں جعلی دستاویزات کی بنیاد پر کینیڈا فرار ہونے کے لیے پاسپورٹ اور پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کیا تھا، جبکہ اس کے خلاف سات مجرمانہ مقدمات درج تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس نے پولیس سے ملی بھگت کے ذریعے کینیڈا کا ویزا حاصل کیا۔ دونیکے کے خلاف اس معاملہ میں بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پنجاب پولیس کے دو اہلکاروں پر اس کی مدد کرنے کا الزام تھا، بعد میں انہیں موگا پولیس نے گرفتار کر لیا۔


خیال رہے کہ اس سال خالصتانی لیڈر ہردیپ سنگھ نجر کو بھی کینیڈا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ نجر کو دو نقاب پوش بندوق برداروں نے سرے میں ایک گرودوارے کی پارکنگ کے قریب گولی ماری تھی۔ ان کے قتل کے بعد خالصتانی حامیوں نے کینیڈا، لندن اور امریکہ سمیت کئی مقامات پر احتجاج کیا اور ہندوستان مخالف نعرے لگائے اور نجر کے قتل کا ذمہ دار ہندوستان کو ٹھہرایا۔

خالصتان کے لیے ریفرنڈم کرانے کی کوشش کرنے والے گروپ میں ہردیپ سنگھ نجر کا نام کافی نمایاں تھا۔ وہ پنجاب کے ضلع جالندھر کے گاؤں بھار سنگھ پور کا رہنے والا تھا۔ ہردیپ سنگھ نجر کو ہندوستان کی سیکورٹی ایجنسیوں نے مفرور اور دہشت گرد قرار دیا تھا۔ اس کے علاوہ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے اس پر 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔


کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پیر کے روز کینیڈا کی پارلیمنٹ (ہاؤس آف کامنز) میں خالصتانی دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ہندوستانی حکومت کے ملوث ہونے کے الزامات عائد کئے۔ تاہم ہندوستان نے ان کے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ دریں اثنا، ہندوستان کی جانب سے کینیڈا میں مقیم انڈین کمیونٹی سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔