ٹریڈ یونین لیڈر دتہ سامنت قتل معاملہ میں گینگسٹر چھوٹا راجن رِہا، ثبوتوں کی عدم موجودگی کے سبب سبھی الزامات سے بری

ڈاکٹر دتہ سامنت کا قتل 1997 میں ہوا تھا، اس قتل کی سازش تیار کرنے کا الزام چھوٹا راجن پر لگا تھا، لیکن پختہ ثبوت موجود نہ ہونے کی وجہ سے آج اسے رِہائی مل گئی۔

چھوٹا راجن
چھوٹا راجن
user

قومی آواز بیورو

ممبئی کے ایک سی بی آئی کورٹ نے مزدور لیڈر دتہ سامنت کے ہائی پروفائل قتل معاملے میں گینگسٹر چھوٹا راجن کو جمعہ کے روز رِہا کر دیا۔ اسپیشل سی بی آئی جج اے ایم پاٹل نے ثبوتوں کی عدم موجودگی کے سبب چھوٹا راجن کو سبھی الزامات سے بری کر دیا۔ ڈاکٹر دتہ سامنت کا قتل 1997 میں ہوا تھا۔ اس قتل کی سازش تیار کرنے کا الزام چھوٹا راجن پر لگا تھا، لیکن پختہ ثبوت موجود نہ ہونے کی وجہ سے آج اسے رِہائی مل گئی۔

اس قتل معاملہ میں فریق استغاثہ کے مطابق 16 جنوری 1997 کو ڈاکٹر سامنت اپنی جیپ سے پوئی سے گھاٹ کوپر کے پنت نگر جا رہے تھے، تبھی پدماوتی روڈ پر نریش جنرل اسٹور کے پاس ان پر کچھ نامعلوم جرائم پیشوں کے ذریعہ حملہ کیا گیا تھا۔ فریق استغاثہ نے یہ بھی جانکاری دی تھی کہ بائک پر آئے چار لوگوں نے ڈاکٹر سامنت کی گاڑی کو روکا اور ٹریڈ یونین لیڈر پر کم از کم 17 گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہو گئے۔ ڈاکٹر سامنت کو فوراً پاس کے انیکیت نرسنگ ہوم لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا تھا۔


یہ واقعہ ساکی ناکا تھانہ حلقہ میں پیش آیا تھا۔ واقعہ کے بعد ساکی ناکا پولیس نے ڈاکٹر سامنت کے ڈرائیور بھیم راؤ سونکامبلے کے ذریعہ درج کرائی گئی رپورٹ کی بنیاد پر چار نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کیا، جن کے چہرے اور گردن پر بھی حملے میں چوٹیں آئی تھیں۔ اس معاملے میں مقدمہ کے پہلے سیٹ میں کچھ مقامی لوگوں پر بھی مقدمہ چلایا گیا اور جولائی 2000 میں فیصلہ سنایا گیا تھا۔ چھوٹا راجن کے خلاف معاملے میں ایک دیگر گینگسٹر گرو ساٹم اور راجن کے بھروسہ مند لیفٹیننٹ روہت ورما کو فرار دکھایا گیا تھا اور ان کا مقدمہ الگ کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Jul 2023, 8:16 PM