امریکی صدر، برطانوی وزیر اعظم سمیت جی-20 کے رہنماؤں کا راج گھاٹ کا دورہ، مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا
ملک میں منعقدہ جی-20 سمٹ کے دوسرے دن علی الصبح دنیا کے تمام طاقتور ممالک کے لیڈر دہلی کے راج گھاٹ پہنچے اور سبھی لیڈروں نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اور گلپوشی کی
نئی دہلی: ملک میں منعقدہ جی-20 سمٹ کے دوسرے دن علی الصبح دنیا کے تمام طاقتور ممالک کے لیڈر دہلی کے راج گھاٹ پہنچے اور سبھی لیڈروں نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اور گلپوشی کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی بھی موجود رہے، جنہوں نے تمام کی کھادی کے شال پہنا کر عزت افزائی کی۔
امریکی صدر جو بائیڈن بھی مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے اور پھول چڑھانے کے لیے دہلی کے راج گھاٹ پہنچے۔ اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوآن، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف، عوامی جمہوریہ چین کے وزیر اعظم لی کیانگ، انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو، برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر سبھی نے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔
قابل ذکر ہے کہ آج جی-20 سربراہی اجلاس کا دوسرا دن ہے۔ صبح 10 بجے کے بعد جی-20 سربراہی اجلاس کی تیسری اور آخری نشست شروع ہوئی جس کا موضوع ’ایک مستقبل‘ ہے۔ گزشتہ روز جی-20 کی دو نشستیں ہوئی تھیں۔ قائدین نے پہلے اجلاس میں ہی اعلامیہ پر اتفاق ظاہر کیا تھا۔ پہلے ہی دن تمام اراکین نے 73 امور پر اتفاق کیا۔ آج ہندوستان 2024 میں جی-20 کی صدارت کی ذمہ داری برازیل کو سونپ دے گا۔ آج وزیر اعظم نریندر مودی کئی ممالک کے سربراہان مملکت کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ ان کی فرانس کے صدر اور کینیڈا کے وزیراعظم سے دوطرفہ ملاقات ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔