مفرور تاجر میہُل چوکسی ڈومینیکا میں گرفتار، کیوبا بھاگنے کی فراق میں تھا
کچھ روز قبل انٹیگوا سے لاپتہ ہو جانے والا پی این بی گھوٹالہ کا ملزم مفرور تاجر میہل چوکسی ڈومینیکا سے گرفتار کر لیا گیا ہے، وہ یہاں سے کشتی کے ذریعے کیوبا بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا
نئی دہلی: پنجاب نیشنل بینک (پی این بی اسکیم) کا ملزم مفرور تاجر میہل چوکسی شمالی بر اعظم شمالی امریکہ کے ملک ڈومینیکا سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ میہل چوکسی حال ہی میں انٹیگوا سے لاپتہ ہو گیا تھا، جہاں کی اس نے شہریت حاصل کی ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق میہل چوکسی کشتی کے ذریعے کیوبا بھاگنے کی کوشش کر ریا تھا۔ اس کے خلاف لُک آؤٹ سرکلر جاری کیا گیا تھا اور ڈومینیکا کی مقامی پولیس نے اسے گرفتار کیا۔ چوکسی کو فی الحال انٹیگوا اتھارٹی کے حوالہ کرنے کا عمل جاری ہے اور اسے کچھ دنوں میں حوالگی کے ذریعے ہندوستان بھی لایا جا سکتا ہے۔
گزشتہ دنوں مفرور ہیرا تاجر میہل چوکسی کے وکیل وجے اگروال نے اس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے وکیل نے بتایا تھا کہ ہیرا تاجر کے لاپتہ ہو جانے سے اس کا کنبہ پریشان ہے اور انہیں تبادلہ خیال کے لئے طلب کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال انٹیگوا پولیس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے تاہم اہل خانہ چوکسی کی سلامتی کے حوالہ سے فکرمند ہیں۔
ادھر، انٹیگوا اینڈ باربوڈا کے وزیر اعظم گیسٹن براؤنی نے اشارہ دیا ہے کہ میہل چوکسی کو ڈومینیکا سے براہ راست ہندوستان بھیجا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومینیکا سے کہہ دیا گیا ہے کہ غیر قانون طریقہ سے داخلہ پر وہاں کی حکومت کارروائی کرے اور حوالگی کے ذریعے اسے سیدھے ہندوستان بھیج دیا جائے۔
وہیں، میہل چوکسی کے وکیل وجے اگروال نے بھی اس کے ڈومینیکا میں پائے جانے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے چوکسی کے اہل خانہ سے بات کی ہے۔ کنبہ کے افراد چوکسی سے بات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ اسے ڈومینیکا کس طرح لے جایا گیا۔
خیال رہے کہ 13500 کروڑ روپئے کے پی این بی گھوٹالے کا ملزم چوکسی جنوری 2018 میں بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ بعد میں انکشاف ہوا کہ وہ 2017 میں ہی شمالی امریکی ملک انٹیگوا باربوڈا کی شہریت لے چکا ہے۔ پی این بی اس اسکینڈل کی تحقیقات کر رہیں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ چوکسی کو حوالگی کے ذریعے ہندوستان لانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ میہل چوکسی خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستان میں حاضر ہونے سے انکار کر چکا ہے۔ اس گھوٹالے کا اصل ملزم اور چوکسی کا بھانجا نیرو مودی لندن کی ایک جیل میں قید ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔