کورونا بحران کے درمیان کھل گئے ریلوے کاؤنٹرس، ٹکٹ بکنگ کے لیے لگی لمبی قطاریں

نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ریل ریزرویشن سنٹر کے باہر لوگ لائن لگا کر کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ ایک شخص نے کہا کہ ہمیں جب کل رات کو اس کی جانکاری ملی تو ہم آج صبح 4 بجے ہی یہاں آ گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان میں کورونا بحران کے درمیان جاری لاک ڈاؤن میں مرکزی اور ریاستی حکومتیں دھیرے دھیرے نرمی دے رہی ہیں۔ بازاروں کو کھولنے، ریل اور ہوائی خدمات شروع کرنے کے فیصلے کے بعد لوگوں کے لیے ایک اور راحت کی خبر ہے۔ آج سے ملک میں کمپیوٹرائزڈ پی آر ایس کاؤنٹروں/ریزرویشن سنٹروں اور کامن سروس سنٹروں کےس اتھ ہی اب سے ریزرویشن ٹکٹوں کی بکنگ/رد کرانے کی سہولت، ڈاک گھروں، لائسنس یافتہ مسافر ٹکٹ سہولت مراکز اور رجسٹرڈ آئی آر سی ٹی سی ایجنٹوں کے پاس بھی دستیاب ہو گئی ہے۔ آج سے یہ سہولت شروع ہو گئی ہے۔ اس فیصلے سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔

نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ریل ریزرویشن سنٹر کے باہر لوگ صبح سویرے سے لائن لگا کر کھڑے ہوئے ہیں۔ ایک شخص نے بتایا کہ "ہمیں جب کل رات کو اس کی جانکاری ملی تو ہم آج صبح 4 بجے ہی یہاں آ گئے۔ ٹکٹ مل جائے گا تو ہم اپنے گھر جا سکیں گے۔"


یو پی کے میرٹھ میں ریلوے ریزرویشن سنٹر کے سپروائزر بلراج نے بتایا کہ "ہم نے ابھی 3 کاؤنٹر کھولے ہیں، لیکن ابھی ٹیکنیکل دقتیں آ رہی ہیں، جس کے لیے ہم نے دہلی کنسول سے شکایت کر دی ہے۔ امید ہے کہ تھوڑی دیر میں چالو ہو جائے گا۔"

قابل ذکر ہے کہ جمعرات سے 200 نئی ٹرینوں کے لیے بکنگ کا عمل شروع ہوا ہے۔ ریلوے نے مزدور اسپیشل ٹرینوں کے علاوہ یکم جون سے 200 نئی ٹرینوں کو چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ان ٹرینوں میں بھی لوگ ٹکٹ کی بکنگ کرا سکتے ہیں۔ 25 مئی سے ملک میں گھریلو طیارہ خدمات بھی شروع ہو جائیں گی۔ اس سلسلے میں جمعرات کو شہری ہوابازی کے وزیر ایچ ایس پوری نے جانکاری دینے کے ساتھ کئی دیگر اہم باتیں بھی بتائیں تھیں۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے گھریلو ہوائی خدمات کے لیے کم از کم اور زیادہ سے زیادہ کرایہ اگلے تین مہینے کے لیے مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ لاک ڈاؤن 3.0 تک ٹرین اور ہوائی خدمات پر پوری طرح سے پابندی تھی، لیکن اب اس میں دھیرے دھیرے نرمی دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔