پاکستان میں خوف کاماحول، کراچی میں ریڈ الیرٹ کے بعد بلیک آؤٹ
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستانی فوجی سربراہ نے کہا ہے کہ ہندوستان ایک اور سرجیکل اسٹرائک کر سکتا ہے جس کی وجہ سے خوف کا ماحو ل ہے اور کئی شہروں میں بلیک آؤٹ کیا گیا
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تناؤ اپنے شباب پر ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کی شام کو فوج کے تینوں سربراہوں سے لمبی ملاقات کی اور ان کو اپنا فیصلہ لینے کی آزادی دے دی ہے۔دریں اثنا سوشل میڈیا اور پاکستانی میڈیا میں پاکستان میں موجودہ ماحول کو لے کر طرح طرح کی خبریں گشت کر رہی ہیں ۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان میں رات بھر فائٹر جیٹ منڈراتے رہے۔ ایک پاکستانی صحافی نے ٹویٹ کیا کہ کراچی پولیس ہائی الیرٹ پر ہے اور پولیس کے اعلی حکام نے تمام ایس ایچ او کو رات میں ڈیوٹی پر رہنے کے لئے کہا ہے ۔ ادھر خبریں ہیں کہ کراچی میں مکمل بلیک آؤٹ رکھا گیا ہے ۔ خبریں ہیں کہ کراچی کے علاوہ لاہور، سیالکوٹ وغیرہ کئی شہروں میں بلیک آؤٹ جاری ہے۔ ایک دیگر پاکستانی صحافی نے پاکستانی فوجی سربراہ کے حوالہ سے تحریر کیا ہے کہ ہندوستان ایک اور سرجیکل اسٹرائک کا منصوبہ بنا رہا ہے جس کو دیکھتے ہوئے کراچی میں ہائی الیرٹ جاری کیا گیا ہے اور پاکستانی ائیر فورس کا جنوبی ونگ وہاں نگرانی بنائے ہوئے ہے۔ یہ بھی خبریں آ رہی ہیں کہ ہندوستانی نیوی کراچی کی جانب بڑھ رہی ہے۔
واضح رہے 14 فروری کو پاکستانی حکومت کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلہ پر خود کش حملہ کر کے سی آر پی ایف کے 40 اہلکار شہید کر دئے تھے ۔اس حملہ کے بعد ہندوستان میں زبردست غصہ تھا اور 26 فروری کی صبح ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کے بالاکوٹ میں واقع جیش کے ٹھکانوں پر حملہ کیا اور ان ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ۔ 27 فروری کی صبح پاکستان نے ہندوستانی فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن ہندوستانی فضائیہ نے اس کو ناکام کر دیا لیکن اس میں ہندوستان کا لڑاکو جہاز پاکستانی سرحد میں گر گیا اور پائلٹ کو پاکستانی فوج نے اپنے قبضہ میں لے لیا جس کے بعد سے صورتحال بہت زیادہ تشویشناک ہو گئی ہے ۔ ہندوستان نے پاکستان سے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی محفوظ رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔