یو پی: جمعہ چھٹے مرحلے کی انتخابی مہم کا آخری دن

چھٹے مرحلے کے تحت 363220 ووٹرس ایسے ہیں جو پہلی بار ووٹ کا استعمال کریں گے جبکہ 80 سال سے اوپر عمر والے ووٹروں کی تعداد 563671 ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش کے پوروانچل خطے میں چھٹے مرحلے کے تحت 12 مئی کو 14 پارلیمانی سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کے لئے 10 مئی بروز جمعہ کو شام پانچ بجے انتخابی مہم اختتام پذیر ہوجائے گی۔ اس مرحلے کے تحت پوروانچل کی الہ آباد، سلطان پور اور اعظم گڑھ جیسی ہائی پروفائل پارلیمانی سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔

اس مرحلے کے تحت ایس پی۔ بی ایس پی اور بی جے پی اتحاد کی جانب سے انتخابی تشہیر پورے شباب پر ہے اور یہ کوئی بھی کسر چھوڑنا نہیں چاہتے۔ تاہم موسم کی تند مزاجی نے اس مرحلے میں بھی سیاسی پارٹیوں کے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔


اس مرحلے کےتحت مرکزی وزیر مینکا گاندھی (سلطان پور)، سماج وادی سربراہ اکھلیش یادو(اعظم گڑھ) یو پی کابینی وزیر ریتا بہوگنا جوشی (الہ آباد) کی قسمتوں کا فیصلہ کیا جائےگا۔ بھوجپور اداکار دنیش لال یادو عرف نرہوا اعظم گڑھ سے اکھلیش یادو کے خلاف انتخابی میدان میں ہیں وہیں کانگریس نے مرکزی وزیر مینکا گاندھی کے خلاف سلطان پور سے ڈاکٹر سنجے سنگھ کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔

بی جے پی اس مرحلے میں بھی بڑے پیمانے پر اپنی انتخابی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر امت شاہ، اترپردیش وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ متعدد مرکزی وزراء و سینئر لیڈروں نے اس مرحلے کی 14 سیٹوں کے لئے جم کا انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔


وزیر اعظم نریندر مودی نے سنیچر کو پرتاپ گڑھ اور بستی میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا تو وہیں وہ آج مزید تین انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے جن میں اعظم گڑھ، جون پور، الہ آباد شامل ہیں۔ شاہ نے بھی معتدد پارلیمانی سیٹوں کے لئے انتخابی مہم چلائی اور آج انہوں نے چار انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا ہے۔ وہیں یوگی آدتیہ ناتھ جو کہ وارانسی میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں وہ بھی پالیمانی حلقوں میں پہنچ کر اپنے پارٹی کے امیدواروں کے حق میں ماحول سازگار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔

ایس پی ۔ بی ایس پی اتحاد نے جہاں اعظم گڑھ اور جونپور میں مشترکہ ریلیوں سے خطاب کیا تو وہیں وہ علیحدہ علیحدہ بھی اپنے اپنے پارٹی کے امیدواروں کے لئے انتخابی ریلیوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ کانگریس جنر ل سکریٹری پرینکا گاندھی اپنی چچی مینکا گاندھی کے خلاف سلطان پور میں روڈ شو کر کرے انتخابی مہم چلاتی دکھائی دیں اس کے علاوہ وہ جونپور اور پرتاپ گڑھ میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گئ۔


اترپردیش میں چھٹے مرحلے کے تحت 174 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ چھٹے مرحلے میں جن پارلیمانی سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے ان میں سلطان پور، پرتاپ گڑھ، پھولپور، الہ آباد، امبیڈکر نگر، شراوستی، ڈومریا گنج، بستی، سنت کبیر نگر، لال گنج، اعظم گڑھ، جونپور، مچھلی شہر اور بھدوہی شامل ہیں۔

2014 کے عام انتخابات میں بی جے پی نے اعظم گڑھ چھوڑ کے ان 14 سیٹوں میں سے 13 سیٹوں پر جیت کا پرچم لہرایا تھا۔ اعظم گڑھ سے سماج وادی پارٹی فاؤنڈر ملائم سنگھ یادو نے رما کانت یادو کو شکست دی تھی۔ لیکن اس الیکشن میں ملائم سنگھ اپنی پرانی روایتی سیٹ مین پوری سے انتخابی میدان میں ہیں جب کہ ایس پی صدر اکھلیش یادو اعظم گڑھ سے پرچہ داخل کیا ہے۔


چھٹے مرحلے میں ان 14 پارلیمانی سیٹوں کے لئے مجموعی رائےدہندگان کی تعداد 25399955 ہے، جن میں سے 13696126 مرد اور 11702297 خاتون اور 1532 تیسری جنس کے ووٹر س ہیں۔ جو کہ 29076 پولنگ بوتھوں پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ چھٹے مرحلے کے تحت 363220 ووٹرس ایسے ہیں جو پہلی بار ووٹ کا استعمال کریں گے جبکہ 80 سال سے اوپر عمر والے ووٹروں کی تعداد 563671 ہے۔

20 امیدواروں کے ساتھ جونپور سب سے اوپر ہے جبکہ سلطان پور، لال گنج، اعظم گڑھ، اور مچھلی شہر میں 15، پھولپور اور الہ آباد میں 14، امیبڈکر نگر اور بستی میں 11۔11، شراوستی میں 10، پرتاپ گڑھ میں 8 اور سنت کبیر نگر اور ڈومریا گنج میں 7۔7 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔


اس مرحلے میں مجرمانہ شبیہ رکھنے والے امیدواروں کی تعداد 21 فیصد ہے جبکہ 33 فیصدی امیدوار کروڑ پتی ہیں۔ کل امیدواروں میں سے 36 یا 21 فیصدی امیدواروں نے اپنے حلف نامے میں مجرمامہ مقدمے ہونے کو قبول کیا ہے جن میں سے 29 یا 17 فیصدی کے خلاف سنگین قسم کے مقدمے ہیں۔ شراوستی سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑنے والے دھرمیندر سنگھ کے خلاف سب سے زیادہ 8 مقدمے ہیں۔ جبکہ سلطان پور سے پرگتی شیل سماج وادی پارٹی سے انتخاب لڑنے والی کملا دیوی 5 مقدموں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

کروڑ پتیوں میں کل امیدواروں میں سے 56 یا 33 فیصدی امیدوار ایسے ہیں جن کے پاس ایک کروڑ سے زیادہ کی ملکیت ہے جن میں سے 12 بی جے پی کے، 10 بی ایس پی کے، 09 کانگریس کے اور 02 ایس پی کے امیدوار شامل ہیں۔ سلطان پور سے بی جے پی امیدوار و مرکزی وزیر مینکا گاندھی 55.69 کروڑ روپئے کی ملکیت کے ساتھ کروڑ پتیوں میں سرفہرست ہیں۔


10 مئی چھٹے مرحلے کے لئے انتخابی مہم کا آخری دن ہے جبکہ 12 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔