برف باری اور بارشوں کے سبب وادی کشمیر سردی کی لپیٹ میں

شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں بدھ کی صبح برف باری کا تازہ سلسلہ شروع ہوا جس سے وہاں موجود سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر : وادی کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے جاری ہے۔ تازہ برف باری اور بارشوں کے نتیجے میں پوری وادی سردی کی لپیٹ میں آگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ بحیرہ عرب سے اٹھنے والی مغربی ہوائیں براستہ افغانستان و پاکستان خطہ میں داخل ہوگئی ہیں اور ان مغربی ہواوؤں کے نتیجے میں ریاست میں اگلے 48 گھنٹوں کے دورا ن کہیں کہیں بارش یا برف باری ہوسکتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں اگرچہ گزشتہ چند دنوں کے دوران اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی جس کو دیکھتے ہوئے اہلیان وادی نے روایتی کشمیری لباس ’پھیرن‘ اور جیکٹوں کا استعمال دن کے وقت ترک کردیا تھا، تاہم بدھ کو سردی کی واپسی کے ساتھ ہی لوگوں کو ایک بار پھر پھیرن اور جیکٹ زیب تن کئے ہوئے دیکھا گیا۔

شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں بدھ کی صبح برف باری کا تازہ سلسلہ شروع ہواجس سے وہاں موجود سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ گلمرگ سے ایک ہوٹل مالک نے یو این آئی کو فون پر بتایا ’یہاں برف باری کا سلسلہ بدھ کی صبح شروع ہوا۔ برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے ‘۔

گلمرگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 اعشاریہ 5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پہلگام کے بالائی حصوں میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے۔ وہاں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 6 اعشاریہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر گرمائی دارالحکومت سری نگر میں گزشتہ رات سے بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔

سری نگر میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 6 اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریں اثنا شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کے پیش نظر درجنوں سرحدی دیہات کو ضلع ہیڈکوارٹروں سے جوڑنے والی سڑکوں کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے احتیاطی طور پر بند کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔