وادی کشمیر میں تازہ برف باری، فضائی و زمینی ٹریفک بری طرح متاثر
ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت متاثر رہی اور بیشتر پروازیں منسوخ کر دی گئیں، سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت جزوی طور پر متاثر رہی اور اکثر سڑکوں پر گاڑیوں کو کچھوے کی مانند چلتے ہوئے دیکھا گیا۔
سرینگر: وادی کشمیر میں بدھ کے روز تازہ اور درمیانہ درجے کی برف باری کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر رہی۔ سرینگر کے ہوائی اڈے پر پروازوں کی آوا جاہی بری طرح سے متاثر رہی اور بیشتر پروازوں کو منسوخ کیا گیا۔ فضائی ٹریفک کے علاوہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت جزوی طور پر متاثر رہی اور اکثر سڑکوں پر گاڑیوں کو کچھوے کی مانند چلتے ہوئے دیکھا گیا۔
دریں اثنا وادی میں سردی کی شدید لہرکے بیچ محکمہ موسمیات نے19جنوری سے 23 جنوری تک بھاری برف باری کی پیش گوئی کی ہے جس سے زمینی وفضائی ٹرانسپورٹ ایک بار پھر متاثر ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے صوبائی ڈائریکٹر سونم لوٹس کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں 19 جنوری کو داخل ہوں گی جن کے زیر اثر وادی میں بھاری برف باری متوقع ہے۔
انہوں نے عوام کے نام ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ گرم ملبوسات کا استعمال کریں اور اشیائے خورد ونوش کی وافر مقدار کو اپنے لئے دستیاب رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ دنوں پر محیط اس برف باری سے معمولات زندگی متاثر ہوسکتی ہیں۔
وادی بھر میں تازہ برف باری کا سلسلہ بدھ کی صبح شروع ہوا۔ اس دوران بدھ کی سہ پہر تک جہاں میدانی علاقوں میں قریب تین سے چار انچ برف کھڑی ہوگئی، وہیں موصولہ اطلاعات کے مطابق بالائی علاقوں میں ایک سے ڈیڑھ فٹ برف جمع ہوئی۔ تازہ برف باری کے تناظر میں ٹریفک پولس محکمہ نے ڈرائیوروں کے نام ایک ایڈوائزری جاری کرکے انہیں اپنی گاڑیاں آہستہ چلانے، اچانک بریک لگانے اور اوور ٹیکنگ سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اس دوران محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔
قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ ککر ناگ میں منفی ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ کوکر ناگ میں منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور سرحدی ضلع کپوارہ میں منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ قصبہ دراس ریاست ایک بار پھر ریاست کاسرد ترین علاقہ ثابت ہوا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی16.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔
ریاست کی سرمائی راجدھانی جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ بٹوٹ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.1 ڈگری سینٹی گریڈ، بانہا ل میں منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔
وادی کشمیر میں تازہ برف باری کے دلکش مناظر
تمام تصاویر یو این آئی
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔