دہلی اور پنجاب میں بھی کورونا کا قہر، کئی ریاستوں میں حالات بگڑے
ایک جانب جہاں مہاراشٹر سے کورونا کے سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہو رہے ہیں وہیں پنجاب، کرناٹک، گجرات اور دہلی میں بھی حالات بگڑ رہے ہیں۔
ہندوستان میں کورونا کے نئے معاملوں میں لگاتار اضافہ نظر آ رہا ہے اوراعداد و شمار کے مطابق کل یعنی اتوار کو 25,320نئے معاملے رپورٹ ہوئے ہیں اور یہ تعداد گزشتہ 84 دنوں میں سب سے زیادہ ہے۔
اس کے ساتھ ملک میں کورونا سے متاثر لوگوں کی تعداد 1,13,59,048 ہو گئی ہے ۔ واضح رہے اس سے پہلے 20 دسمبر کو ایک دن میں 26,624 نئے معاملے رپورٹ ہوئے تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق کل 161 لوگوں کی کورونا سے موت ہوئی جو گزشتہ 44 دنوں میں سب سے زیادہ ہے۔ واضح رہے اب تک کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 1,58,607ہو گئی ہے۔
جہاں ایک جانب مہاراشٹر میں کورونا کے سب سے زیادہ معاملے سامنے آ رہے ہیں وہیں پنجاب ، کرناٹک اور گجرات میں بھی کورونا کے نئے معاملوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ملک بھر میں نئے معاملوں میں تیزی فروری ماہ سے دیکھی جا رہی ہے۔مہاراشٹر میں اتوار کوکورونا کے16,620 نئے معاملہ سامنے آئے جو ملک بھر میں سب سے زیادہ تھے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں لگاتار چوتھے دن چار سو سے زیادہ معاملہ سامنے آئے ہیں۔کل یعنی اتوار کو دہلی میں 407نئے معاملے سامنے آئے ہیں ۔ ادھر کرناٹک میں کل 934 معاملے سامنے آئے ہیں جن میں سے 628 معاملے صرف بینگلورو سے رپورٹ ہوئے ہیں ۔ کیرالہ میں اتوار کو کورونا کے 1,792 نئے معاملے سامنے آئے ہیں ۔
دوسری جانب پنجاب سے کورونا کے پندرہ سو نئے معاملے سامنے آ ئے ہیں اور پنجاب میں کورونا سے بیس لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ پنجاب میں کورونا کے تازہ معاملوں میں اضافہ کی وجہ سے لوگوں میں خوف ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔