ہندوستان میں کورونا کا قہر جاری، ایک دن میں 4 لاکھ 14 ہزار سے زیادہ نئے معاملے

گاؤں دیہاتوں میں تو لوگ جانچ ہی نا کے برابر کرا رہے ہیں اور شہروں میں بھی جانچ کم ہو رہی ہے، ساتھ ہی اموات کے اندراج پر بھی سوال کھڑے کئے جا رہے ہیں

فائل تصویر آئی اے این ایس 
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا وبا کاقہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ویسے تو پوری دنیا میں اس وبا کے اثرات موجود ہیں لیکن ہندوستان میں اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں مستقل اضافہ نظر آ رہا ہے۔ کل یعنی جمعرات کو کورونا سے متاثر ہونے والے نئے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 14 ہزار سے زیادہ رہی جبکہ اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 3920 رہی۔

ورلڈو میٹر پر جاری یہ اعداد و شمار وہ ہیں جو رپورٹ ہوئے ہیں۔ گاؤں دیہاتوں میں تو لوگ جانچ ہی نا کے برابر کرا رہے ہیں اور شہروں میں بھی جانچ کم ہو رہی ہے، اس کے علاوہ اموات کے اندراج پر بھی سوال کھڑے کئے جا رہے ہیں۔ اس وبا کا خوف لوگوں کے دلوں میں بری طرح گھر کر رہا ہے۔


ادھر، حکومت پر دباؤ ہےکہ وہ ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ کرے تاکہ اس وبا کی چین کو توڑا جا سکے۔ جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک کی معیشت کو دیکھتے ہوئے صرف ان علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے جہاں دس فیصد سے زیادہ معاملے ہیں۔ کورونا معاملوں کے ماہر اور امریکی صدر جو بائیڈن کے طبی مشیر ڈاکٹر فاؤچی کی رائے یہ ہے کہ ہندوستان میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے۔

واضح رہے جنوبی ہندوستان سے بھی اس وبا کے تیزی سے پھیلنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں اور وہاں کی ریاستی حکومتیں پابندیاں نافذ کر رہی ہیں۔ کیرالہ میں ہی کل مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 May 2021, 8:11 AM