کورونا کا خوف، ایک ہی خاندان کے چار افراد نے کی خودکشی کی کوشش، دو کی موت
مالی بحران سے گزر رہے اس خاندان کے افراد مزید پریشان ہو گئے کہ کورونا انفیکشن ان کی صحت اور روزمرہ کی زندگی کو مزید متاثر کر سکتا ہے۔
تمل ناڈو کے مدورئی شہر کے کال میدو میں اتوار کے روز کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے خدشہ کے سبب ایک ہی خاندان کے چار ارکان نے زہر کھاکر خودکشی کرنے کی کوشش کی جن میں سے دو کی موت ہوگئی اور دیگر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ کل صبح وی جیوتیکا (23) اور اس کا بیٹا وی رتیش (03) اپنے گھر پر مردہ پائے گئے جبکہ ان کی ماں این لکشمی (46) اور چھوٹے بھائی این سبیراجی (13) کو گورنمنٹ راجا جی اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
ابتدائی جانچ سے معلوم ہوا کہ لکشمی کے شوہر ناگراجن اور ان کی چھوٹی بیٹی انیتا کی موت دیگر بیماریوں کی وجہ سے ہوئی تھی۔اس دوران جیوتیکا نزلہ زکام اور بخار میں مبتلا تھی، جب اس نے آرٹی پی سی آرٹیسٹ کروایا تو وہ کورونا سے متاثر پائی گئیں۔ مالی بحران سے گزر رہے اس خاندان کے افراد مزید پریشان ہو گئے کہ کورونا انفیکشن ان کی صحت اور روزمرہ کی زندگی کو مزید متاثر کر سکتا ہے۔پڑوسیوں کا خیال ہے کہ خاندان کی خودکشی کی وجہ کورونا انفیکشن سے متاثر ہونا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ اہل خانہ کورونا وائرس سے متاثر تھے اور اسی وجہ سے انہوں نے خودکشی جیسا بڑا قدم اٹھایا۔ پولیس نے کہاکہ ہم دیگر تمام ممکنہ پہلوؤں کی بھی چھان بین کر رہے ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا ہے اور تحقیقات کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔