چار نئے گورنروں کی تقرری، عارف محمد خان ہوں گے کیرالہ کے گورنر
تین طلاق قانون کی حمایت کرنے والے اور کیرالہ کے نومنتخب گورنر عارف خان نے کہا کہ گورنر کے طورپر جنوب میں انہیں کام کرنے کا موقع ملا ہے وہ اس عہدہ پر رہتے ہوئے ملک کے اتحاد اور تنوع کے لئے کام کریں گے۔
نئی دہلی: صدر رام ناتھ كووند نے چار نئے گورنر مقرر کیے ہیں جبکہ ہماچل پردیش کے گورنر کلراج مشرا کا تبادلہ کرکے انہیں راجستھان کا نیا گورنر مقرر کیا ہے۔ راشٹر پتی بھون کی جانب سے اتوار کو جاری ریلیز کے مطابق ڈاکٹر ٹی سندر راجن کو تلنگانہ کا نیا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ٹی سندرراجن تلنگانہ کے، کلراج مشرا راجستھان کے، بنڈارو دتاتریہ ہماچل پردیش کے ،عارف محمد خان کیرالہ کے اور بھگت سنگھ كوشياری مہاراشٹر کے گورنر بنائے گئے ہیں۔
عارف محمد خان نے کیرالہ کا گورنر بنائے جانے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’یہ میرے لئے خدمت کا موقع ہے۔ ہندوستان جیسے ملک میں پیدا ہونا میرے لئے خوش قسمتی کی بات ہے۔ یہ میرے لئے ہندوستان کے ایک علاقہ کو جاننے کا موقع ہے، جو ہندوستان کی سرحد بناتا ہے اور جسے خدا کا اپنا ملک کہا جاتا ہے۔‘‘
تین طلاق قانون کی حمایت کرنے والے اور کیرالہ کے نومنتخب گورنر عارف خان نے کہا کہ گورنر کے طورپر جنوب میں انہیں کام کرنے کا موقع دیا گیا ہے اور اس عہدہ پر رہتے ہوئے وہ ملک کے اتحاد اور تنوع کے لئے کام کریں گے۔
عارف خان نے اتوار کو یہاں ’امام ہند رام‘ کتاب کے اجرا کے لئے منعقدہ پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے کہاکہ طویل عرصہ سے وہ ملک کی ثقافت، لسانی اور طور طریقوں کی تنوع کی بات کرتے ہیں لیکن ہمارے ملک نے دنیا کو کثرت میں وحدت کا اٹوٹ پیغام دیا ہے۔ اتحاد کا یہی جذبہ ہمیں ایک ڈور سے باندھے رکھتا ہے اور اس کے لئے وہ مسلسل کام کرتے رہیں گے۔
صدر کی طرف سے اتوا ر کو ہی کیرالہ کے گورنر مقرر کیے گئے عارف خان نے کہا کہ ہم اپنی روایات اور اقدارسے دور ہوئے ہیں اس لئے ملک کے سامنے کچھ مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے اہم اپنی تنوع کا احترام کرنا ہے۔ تنوع ہمارے یہاں پہلے سے ہے اور آگے بھی رہے گا۔ کثرت میں وحدت کا پیغام ہندوستان نے دنیا کو دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔