ممبئی بھاری بارش سےچار افراد ہلاک، عام زندگی مفلوج
شہر کی جھگی جھونپڑی بستیوں کا کوئی گھر بچا نہیں ہے اور جگہ جگہ رہائشی ہاؤسنگ کالونیوں کے نچلی منزل میں پانی داخل ہوچکا ہے۔
عروس البلاد ممبئی میں ہونے والی بھاری بارش کے نتیجے میں ممبئی اور تھانے میں چار افراد ہلاک اور ایک۔شخص لاپتہ ہے۔پرسو شام سے ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پا نی جمع ہوگیا ہےاور حکومت نے ممبئی اور ایم ایم آر میں تعطیل کااعلا ن کردیا۔
پرسورات کی موسلادھار بارش کی وجہ سے مضافاتی علاقے کاندیولی میں ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر ایک پہاڑی سے زمین کھسکنے اور چٹانیں گرنے سے شاہراہ کو بند کرنا پڑا اور ممبئی آنے والا ٹریفک متاثر ہوا ہے۔
تھانے میں ایک15 سالہ لڑکا راقب کو بجلی جھٹکا لگ گیا جبکہ نوی ممبئی کے واشی میں ایک شخص پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا ہے۔
شہر میں سینکڑوں درخت تیز ہواؤں سے اکھڑ گئے اور جھونپڑیوں میں پانی گھس گیا اور لوگوں کو کھلے آسمان کے نیچے رات گزارنا پڑی ۔مغربی مضافات سانتا کروز میں ایک جھونپڑی منہدم ہو گئی اور اس کے سبب ایک خاتون ریکھا کاکڑے اور اس کی 18 ماہ کی بچی جہانوی قریبی نالے میں بہہ گئی۔ایک لڑکی کو بچالیا گیا ہے اور تیسری کی تلاش جاری ہے۔
ممبئی میں گزشتہ دو روز میں بھاری بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ممبئی،تھانے،پالگھراور رائے گڑھ میں زندگی مفلوج ہوگئی ہے،یہ ممبئی میٹرو پولیٹن ریجنل علاقے میں ہواہے۔ممبئی میں نصف شب کو دوبارہ بحرعرب میں تغیانی کی پیش گوئی کی گئی ہے اور حکام نے ریڈالرٹ کا اعلان کردیا ہے۔
دریں اثنا ملک کی تجارتی راجدھانی عروس البلاد ممبئی میں رات بھر کی شدید بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں سیلاب آ گیا ہے۔ ممبئی اورچند متصل اضلاع میں پیر،منگل اور بدھ کو تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی اور اس بھاری بارش کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیاہے۔
ممبئی کے علاوہ تھانے ، پونے ، رائے گڑھ اور مہاراشٹر کے رتناگری اضلاع کے لئے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے کہا ہے کہ شہر میں ضروری خدمات کے علاوہ دیگر تمام دفاتر آج بند کردیئے جائیں گے۔ محکمہ کے مطابق ممبئی شہر میں پیر کی صبح 8 بجے سے آج صبح 6 بجے تک 230.06 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، مشرقی اور مغربی مضافاتی علاقوں میں بالترتیب 162.83 اور 162.28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے آج اور جمعرات کو شمالی مہاراشٹر کے ساحل سے تیز ہواؤں کا انتباہ بھی کیا ہے۔ مانسون کے دوران ممبئی کی گلیوں میں باقاعدگی سے سیلاب آتا ہے ، جو جون سے ستمبر یا اکتوبر تک چلتا ہے اور جو ہندوستان کو سالانہ بارش کا بیشتر حصہ فراہم کرتا ہے۔ تقریبا ہر موسم باراں میں ، ممبئی میونسپل انتظامیہ بارش کی وجہ سے پیدا ہونے والے انتشار سے نمٹنے کے لئے جدوجہد کرتا ہے۔ سرکاری ملازمین کے لیے چلائی جانے والی لوکل ٹرینیں متاثر ہیں اور نشیبی علاقے سیلاب میں پڑ گئے ہیں۔
شہر اور مضافات میں کوئی علاقہ نہیں بچا ہے جہاں پانی نہیں داخل ہوا ہو۔شہر کی جھگی جھونپڑی بستیوں کا کوئی گھر بچا نہیں ہے اور جگہ جگہ رہائشی ہاؤسنگ کالونیوں کے نچلی منزل میں پانی داخل ہوچکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔